Daily Taqat

سندھ اور بلوچستان میں بارشوں سے تباہی

کراچی/کوئٹہ: شہر قائد میں چوتھے روز بھی بارش کا امکان ہے تاہم مون سون کی موسلادھار بارشوں نے بلوچستان میں بھی تباہی مچادی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں چوتھے روز بھی بارش کا امکان ظاہر کردیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرقائد میں آج دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا تاہم آج موسلا دھار بارش کا امکان بہت کم ہے لیکن ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 روز میں سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر 205 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔ سُرجانی میں 155، گلشنِ حدید میں 149، صدر میں 145، مسرور بیس پر 143 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر132، یورنیورسٹی روڈ پر 110 ، لانڈھی میں 109، نارتھ کراچی میں 91، کیماڑی میں 89 اور سعدی ٹاؤن میں 69 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

پاک فوج کے جوان دادو میں شدید بارشوں سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کررہے ہیں

بلوچستان میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچادی ہے، مستونگ، قلات، نوشکی، جھل مگسی، مچھ اور بولان میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جب کہ کئی اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کا سامنا ہے۔

بولان سبی شاہراہ کو سیلابی ریلے کے باعث بند کردیا گیا ہے تاہم این ایچ اے کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے کو تمام قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، سیلابی ریلے کے باعث درجنوں جانور بہہ گئے ہیں جب کہ پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انتظامیہ نے بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے جب کہ پی ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں کے لئے امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دادو اور جھل مگسی کے کئی علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف و ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاک فوج اور بحریہ کی امدادی، طبی اور انجینیئرنگ ٹیمیں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہیں جب کہ سیلابی پانی میں پھنسے ایک ہزار افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا ہے۔

پسی پل ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا جب کہ جھل مگایہ وانگو میں پھنسے تمام ہندو خاندانوں کو 8 گھنٹے کے آپریشن کے بعد محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے، این65 بی بی نانی اور پنجرہ پلوں کے قریب سیلابی پانی کے باعث بند ہے جب کہ بی بی نانی پل کے قریب سے مرکزی گیس پائپ پائن بھی ٹوٹ گئی ہے۔

کوئٹہ جیکب آباد، گوادر کراچی اور سبی کوہلو شاہرائیں شدید بارش کے باعث مختلف مقامات سے بند ہیں جب کہ پارسی بریج ہر طرح کی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے اور کوسٹل ہائی وے سے رابطے بحال کردیے گئے ہیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »