Latest news

آج ہندوستان میں مقیم 20 کروڑ مسلمان آر ایس ایس کے نشانے پر ہیں، عمران خان

آج ہندوستان میں مقیم 20 کروڑ مسلمان آر ایس ایس کے نشانے پر ہیں، عمران خان

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بھارت میں مسلم کش فسادات پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران دہلی میں آرایس ایس اور بی جے پی کے دہشت گردوں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں کشت و خون کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔

بھارت کی موجودہ صورتحال پر وطن عزیز پاکستان میں اقلیتی برادری اور ان کی عبادت گاہوں کی جانب بری نگاہ ڈالنے والوں کو خبردار کرکے اخوت و بھائی چارے کی مثال قائم کردی ہے۔

عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ‘آگاہ رہو! پاکستان میں اگر کسی نے بھی غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی جانب بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے پیش آئیں گے۔ ہماری اقلیتیں اس ملک کی برابر کی شہری ہیں’۔

وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں بھارت کے ظالمانہ اقدامات اور مسلم دشمنی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ‘آج ہم جوہری صلاحیت کی حامل 1 ارب سے زائد انسانوں پر مشتمل ریاست بھارت کو نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں گرتا دیکھ رہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ میں نے گزشتہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیش گوئی کی تھی کہ ایک مرتبہ جن بوتل سے نکل آیا تو خونریزی میں شدت آئے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر آغاز تھا، آج ہندوستان میں مقیم 200 ملین (20 کروڑ) مسلمان نشانے پر ہیں۔ عالمی برادری کیلئے کچھ کرنے کا بلاشبہ یہی وقت ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں گزشتہ دو روز سے جاری مسلم کش فسادات میں اب تک 20 مسلمانوں کو قتل کیا جاچکا ہے جبکہ سیکڑوں افراد شدید زخمی ہیں۔

ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جس کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کاخدشہ ہے۔

آر ایس ایس اور بی جے پی کے دہشت گردوں نے مسلم اکثریتی علاقوں پر حملہ کرکے مسلمانوں کے گھروں، درجنوں دکانوں اور پٹرول پمپ کو لوٹ مار کے بعد نذر آتش کردیا۔

گذشتہ روز نئی دلی میں آرایس ایس اوربی جے پی کےغنڈوں نے اشوک نگر میں مسجد پر بھی حملہ کرکے خانہ خدا کی بیحرمتی کی اور مینار پر چڑھ لاؤڈ اسپیکر اتارنے کے بعد اپنا جھنڈا لہرا دیا تھا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.