Daily Taqat

چین کی دھمکیوں کے باوجود امریکی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں

تائپی: چین کی جانب سےجنگ کی دھمکیوں کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی پارلیمان کی اسپیکر نینسی پلوسی ایشیائی ممالک کے دورے پر آج تائیوان پہنچ گئیں۔ نینسی پلوسی 25 سال میں تائیوان کا دورہ کرنے والی پہلی اعلیٰ سطح کی امریکی شخصیت بن گئیں۔

نینسی پلوسی کی تائیوان آمد پر دارالحکومت تائپی میں 101 اسکائی سکرائپر ٹاور پر انگریزی اور چینی زبان میں ویلکم میسج ، تھینک یو، ویلکم یو ایس ان تائیوان، ویلکم اسپیکر پلوسی جیسے الفاظ نشر کیے گئے۔ نینسی پلوسی اپنے وفد کے ہمراہ آج تائیوان میں مصروف وقت گزاریں گی اور صبح روانہ ہوجائیں گی۔

وہ اپنے دورے میں تائیوان کی صدر سے ملاقات کریں گی جس میں باہمی امور کی دلچسپی سمیت خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ دنیا کو آمریت اور جمہوریت کے درمیان انتخاب کا سامنا ہے۔ جمہوری تائیوان کیلئے امریکی وابستگی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے اور یہ دورہ امریکا کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی تائیوان عوام کے ساتھ یکجہتی پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوچکی ہے۔

خیال رہے کہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر امریکی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان گئیں تو یہ چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت تصور کی جائے گی۔ چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا تھا کہ اگر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چین اپنی خود مختاری اور سالمیت کے دفاع پر مجبور ہوگا اس لیے امریکا آگ سے نہ کھیلے۔ اس کے خوفناک نتائج نکلیں گے۔

چین کی ان دھمکیوں کے ساتھ ہی تائیوان کی سرحد پر جنگی طیاروں کی پرواز شروع ہوگئی تھی اور سرحد پر فوج کی نفری میں اضافہ کردیا گیا تھا۔ کئی رہنماؤں نے نینسی پلوسی کو تائیوان نہ جانے کا مشورہ بھی دیا تھا۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »