Daily Taqat

پنجشیر کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا، ترجمان طالبان

کابل: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے وادی پنجشیر کے دارالخلافہ، گورنرہاؤس اور پولیس ہیڈ کوارٹر سمیت پوری وادی کا کنٹرول حاصل کرلینے کا دعویٰ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے پوری وادی کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس کے بعد پورے افغانستان میں طالبان کی عمل داری قائم ہوگئی ہے۔

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے پریس کانفرنس میں پنجشیر میں عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجشیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں، ہم وہاں فوجی کارروائی نہیں چاہتے تھے بلکہ ایک گولی چلائے بغیر پُرامن حل نکالنا چاہتے تھے تاہم کچھ لوگ افغانستان کو ہمیشہ جنگ میں جھونکنا چاہتے ہیں۔

ادھر یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اشرف غنی دور کے نائب صدر امر اللہ صالح طالبان کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے ازبکستان فرار ہوگئے ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب قومی مزاحمی فورس نے طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجشیر کے اہم سیکیورٹی مقامات پر اب بھی ہمارا کنٹرول ہے اور طالبان کو پیش قدمی سے روک دیا ہے۔

قبل ازیں خبر سامنے آئی تھی کہ شمالی اتحاد اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کا امکان ہے اور اس حوالے سے شمالی اتحاد کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان کے ساتھ مذاکرات پر مشروط آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »