کانگو میں شدت پسندوں کاحملہ، امن مشن میں تعینات پاکستانی جوان شہید
کنساشا: عوامی جمہوریہ کانگو میں شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں امن مشن میں تعینات پاکستانی جوان شہید جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق واقعہ جنوبی کیوو صوبے میں باراکا کے 96 کلومیٹر جنوب مغرب میں پیش آیا، جب مسلح باغیوں نے اقوام متحدہ امن مشن کے قافلے پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امن مشن کے پاکستانی امن سپاہ نے باغیوں کے حملے کا بھرپور جواب دیا، تاہم فائرنگ کے تبادلے میں نائیک نعیم رضا جام شہادت نوش کر گئے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریز نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مشرقی صوبے ساؤتھ کیوو میں پاکستانی جوان کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔
ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے امن مشن پر حملے کے ذمےداروں کو انصاف کےکٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے کانگو میں درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ کانگو میں اقوام متحدہ امن مشن میں 6 ہزار پاکستانی افسران اور جوان خدمات انجام دے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عالمی امن کے لیے 23 افسران سمیت 156 بہادر پاکستانی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔
1993 میں صومالیہ میں اقوام متحدہ کے امن مشن پر حملے کے نتیجے میں 24 پاکستانی فوجی جاں بحق ہوگئے تھے۔