جمائما خان نے بھی سٹیفن ہاکنگ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا

نظریاتی طبیعات کے مشہور ترین سائنسدان سٹیفن ہاکنگ کی موت کے بعد دنیا بھر کے لوگ افسردہ ہیں اور ان کی یادوں کو مختلف طریقوں سے تازہ کر رہے ہیں ،ایسے ہی تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے بھی سٹیفن ہاکنگ کے ساتھ ایک تصویر شیئر کر کے انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔
تفصیل کے مطابق سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر جمائما خان نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ سٹیفن ہاکنگ کے ساتھ موجود ہیں ۔اس موقع پر پیغام دیتے ہوئے جمائما خان نے کہا کہ ہر کوئی اس آدمی کی شخصیت سے متاثر تھا جسے 22سال کی عمر میں (مہلک بیماری کی وجہ سے) زیادہ سے زیادہ مزید دو سال زندہ رہنے کی خبر دی گئی تھی لیکن پھر وہ مزید 55سال تک زندہ رہے اور دنیا میں سب سے مشہور سائنسدان بنے ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ زندگی میں برا وقت نظر آرہا ہو لیکن پھر بھی ہمیشہ کچھ نہ کچھ ایسا ہوتا ہے جسے آپ کامیابی کے ساتھ کر سکتے ہیں ،جب تک کوئی زندہ ہے تو امید بھی زندہ ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ سٹیفن ہاکنگ گزشتہ روز 76برس کی عمر میں انتقال کر گئے ،وہ 22 سال کی عمر میں ایک انتہائی کم یاب اور مہلک بیماری ‘موٹر نیورون’ کا شکار ہونے کے بعد عمر بھر کے لیے معذور اور وہیل چیئر تک محدود ہوگئے تھے۔تاہم اس کے باوجود وہ نہ صرف 50 سال سے زائد عرصہ اس بیماری کے ساتھ زندہ رہے بلکہ مسلسل تحقیقی کام بھی کرتے رہے۔ اس عرصے کے دوران ہاکنگ نے لاتعداد تحقیقی مقالہ جات اور کتابیں لکھیں اور بے شمار لیکچر دینے کے ساتھ ساتھ تقریبات سے خطاب بھی کیا۔سٹیفن ہاکنگ اپنی بیماری کے باعث نہ صرف چلنے پھرنے بلکہ بولنے سے بھی معذور ہوگئے تھے اور وہ خصوصی طور پر تیار کیے گئے سافٹ ویئر اور مشین کے ذریعے لیکچر دیا اور گفتگو کیا کرتے تھے۔
ہاکنگ نظریاتی طبیعات کے سب سے ماہر سائنس دان مانے جاتے تھے جن کے کائنات کے اسرار و رموز، وقت اور بلیک ہولز سے متعلق نظریات کو خاص و عام میں مقبولیت حاصل ہوئی۔ہاکنگ کو بین الاقوامی شہرت 1988 میں منظرِ عام پر آنے والی ان کی کتاب ‘اے بریف ہسٹری آف ٹائم’ (وقت کی مختصر تاریخ) سے ملی تھی جس کا شمار ایسی مشکل ترین کتابوں میں ہوتا ہے جو اپنے موضوع کی پیچیدگی کے باوجود عوام میں مقبول ہوئیں۔سٹیفن ہاکنگ کی اس کتاب نے ہی انہیں البرٹ آئن سٹائن کے بعد نظریاتی طبیعات کی دنیا کا سب سے بڑا نام بنا دیا تھا۔ اس کتاب کی اب تک ایک کروڑ سے زائد جلدیں فروخت ہوچکی ہیں۔
کیمبرج یونیورسٹی نے پروفیسر ہاکنگ کو ان کے مشہور مقالے “پراپرٹیز آف ایکسپنڈنگ یونیورسز’ (مسلسل بڑھنے والی کائناتوں کی خصوصیات) پر 1966میں پی ایچ ڈی کی ڈگری دی تھی۔اپنے اس مقالے میں سٹیفن ہاکنگ نے کائنات کے آغاز اور اس کے مسلسل بڑھنے اور پھیلنے سے متعلق اپنا نظریہ پیش کیا تھا جو آج بھی مشہور ہے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.