مراکش میں پیدل چلنے والے راہ گیر کوقوانین کی خلاف ورزی پر جْرمانہ

مراکش میں پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پیدل افراد پر مالی جرمانے لاگو کرنے کے منصوبے نے سوشل میڈیا پر بڑا تنازع پیدا کر دیا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اہل کاروں کی جانب سے اْن شہریوں کے خلاف 25 درہم مالیت کا چالان کاٹا جا رہا ہے جو سڑک عبور کرتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص گزرگاہوں کا احترام نہیں کرتے ، اس اقدام پر راہ گیر حیران رہ گئے ہیں۔پولیس کے اس نئے اقدام پر عوام کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جبکہ بعض لوگوں نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ اس سے ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو گی جن میں ہر سال ہزاروں افراد لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔ دوسری جانب بعض شہریوں کے نزدیک یہ قانون اسی صورت میں لاگو ہو سکتا ہے جب راہ گیروں کے محفوظ طریقے سے سڑک عبور کرنے کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔
ایک شہری نے اپنے ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکام کی جانب سے شہریوں کو مطلوب بنیادی ڈھانچے کی عدم فراہمی اور سڑکوں کو مناسب طور تیار نہ کرنا یہ وہ عوامل ہیں جو لوگوں کو قانون کی خلاف ورزی پر مجبور کرتے ہیں۔ لہذا حکام لوگوں پر چالان کے ذریعے جرمانے عائد کر کے صرف خزانہ بھرنے کے بارے میں نہ سوچے بلکہ اس قانون کو لاگو کرنے کے واسطے مناسب اور سازگار حالات فراہم کرے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.