آزادکشمیر دنیا کا خوبصورت ترین خطہ، سیکرٹری اطلاعات مدحت شہزاد

آزادکشمیر کی سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی بورڈ محترمہ مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ آزادکشمیر دنیا کا خوبصور ت ترین خطہ ہے ۔ خطہ کی قدرتی خوبصورتی کو بین الاقوامی دنیا کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے حکومت آزادکشمیر نے سیاحت کو صنعت کا درجہ دے رکھا ہے منگلا جھیل سمیت میرپور ڈویږن کے اضلاع میرپور ، بھمبر اور کوٹلی میں سیاحتی مقامات کو ترقی دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ قلعہ رام کوٹ اور منگلا جھیل میں سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز بنا ئیں گے اس سلسلہ میں محکمہ سیاحت آزادکشمیر ہر ممکن اقدامات اتھا رہا ہے ۔ حکومتی ہدایت کے مطابق مرینہ بوٹنگ کلب قلعہ رام کوٹ اور منگلا جھیل میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیزتر کرے تاکہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مل سکیں ۔قلعہ رام کوٹ میں سیاحوں کی سہولیات کے لیے معاہدہ کے مطابق ترقیاتی عمل کی جلد تکمیل کی جائے اور قلعہ رام کوٹ کی مرمتی اس کے تاریخی تناظرمیں کی جائے۔مرینہ بوٹنگ کلب منگلاکے مقام پرسیاحت کے انفارمیشن سنٹرمیں قلعہ رام کوٹ کے متعلق بروشررکھے اور قلعہ رام کوٹ میں سیاحوں کے لیے قلعہ کی تاریخ کے متعلق معلوماتی کتابچے بھی فراہم کریں اس طرح قلعہ رام کوٹ میں سیڑھیوں کی مرمت، ٹک شاپ، واش رومز، شجرکاری سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی کویقینی بنایاجائے۔ وہ اپنے دورہ میرپور کے دوران مرینہ بوٹنگ کلب کے دورہ کے دوران بات چیت کررہی تھیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سیاحت سردار جاوید ایوب ، معاون ناظم سیاحت طارق محمود ملک ، ایم ڈی مرینہ بوٹنگ کلب چوہدری بشیرداد، انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت آئی ٹی بورڈ محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان اور وزیر اطلاعات و سیاحت مشتاق احمد منہاس کے ویږن اور چیف سیکرٹری آزادکشمیرکی ہدایت پر آزادکشمیر میں ٹورازم کوری ڈور بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔آزادکشمیربھر میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اس حوالے سے میرپور ڈویږن بالخصوص منگلا جھیل جو صاف و شفاف پانی کا وسیع ذخیرہ ہے اس میں بین الاقوامی نوعیت کی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر آزادکشمیر کی معیشت بہتربنائی جاسکتی ہے جس سے ہزاروں افراد کوروزگارکی سہولیات یہاں ملیں گی وہاں بین الاقوامی سرمایہ کاری کوبھی فرو غ ملے گا۔ انھوںنے کہاکہ میرپورڈویږن کی کثیرآبادی برطانیہ اور یورپ میں آباد ہے اس حوالے سے اوورسیز اور ان کے بچوں کے لیے یہاں تفریح کے لیے جتنے زیادہ مواقع موجود ہونگے اس حساب سے اوورسیز خود بھی اور اپنے بچوں کوسالانہ تعطیلات کے دوران سیروسیاحت کے لیے یہاں لائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیرسیاحت کی ترقی اور فروغ کے لیے جواہم اقدامات اٹھارہی ہے اس سے آزاد کشمیرمیں حقیقی معنوں میں سیاحت کی صنعت آئندہ چند سالوں میں آزادکشمیربھرمیں پھیل جائے گی جس سے آزادکشمیرکی معاشی و اقتصادی ترقی پربھی مثبت اثرات مرتب ہونگے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.