اہم خبرِیں

آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

کابل:  پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے دورے کے دوران صدر اشرف غنی اور ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی ہے جس میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان خبر رساں ادارے ’طلوع نیوز‘ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پرافغانستان پہنچ گئے، پاک فوج کے سپہ سالار کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ہمراے تھے جبکہ افغانستان کے لیے حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی ساتھ موجود تھے۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اوربارڈرمینجمنٹ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔

دریں اثناء  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خطے میں استحکام اور افغانستان میں امن کو یقینی بنانے کے لیے فائدہ اٹھانے پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے دوران عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ ہم جنرل قمر جاوید باجوہ کو کابل میں خوش آمدید کہتے ہیں، ملاقات میں کئی امور پر با معنی گفت و شنید ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان قیادت نے انٹرا افغان مذاکرات کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کی جانب سے ہماری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، ہم باہمی معاملات پر طالبان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں، ہم نے اس سلسلے میں پاکستان کے تعمیری کردار کوجاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں ملاقات کی تھی۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امور زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال، افغان مہاجرین اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کے بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف اور زلمے خلیل زاد نے اس سلسلے میں مشترکہ اقدامات اٹھانے اور باہمی طے شدہ اہداف کی سمت کام کرنے پر اتفاق کیا۔
 


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.