Latest news

ایتھوپیا حادثے کے بعد امارات، عمان اور چین سمیت کئی ممالک نے بوئنگ 737 میکس طیاروں پر پابندی لگادی

ایتھوپیا میں طیارہ حادثے کے بعد متحدہ عرب امارات، عمان، چین اور بھارت سمیت کئی ممالک نے بوئنگ 737 میکس طیاروں پر پابندی لگا دی۔ متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز ایمرٹس اور اتحاد ایئر لائنز بھی بوئنگ 737 میکس طیاروں کا استعمال کر رہی ہیں۔ تاہم ایتھوپیا میں جہاز حادثے کے بعد یو اے ای نے بوئنگ 737 میکس پر پابندی لگا دی ہے۔

اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بوئنگ 737 میکس پر پابندی لگائی گئی ہے۔ اسی طرح بھارت نے بھی تمام بوئنگ 737 میکس گراؤنڈ کر دیے ہیں، جب کہ چین اور انڈونیشیا سمیت کئی ممالک نے 737 میکس کو گراؤنڈ یا اس کے لیے فضائی حدود بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب امریکا کی فیڈریل ایوی ایشن اتھارٹی (ایف اے اے) نے ورکرز یونین اور سینیٹرز کی جانب سے بڑھتے دباؤ کے باوجود بوئنگ 737 میکس طیاروں پر پابندی لگانے سے صاف انکار کر دیا ہے۔  ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے جائزے کے مطابق بوئنگ 737 میکس طیارے کی کارکردگی میں کوئی نقص موجود نہیں اور ایئر کرافٹ کو گراؤنڈ کرنے کی بھی کوئی وجہ نہیں ہے۔

یاد رہے کہ 10 مارچ کو ایتھوپیا میں بوئنگ 737 میکس طیارہ اڑان بھرنے کے 6 منٹ بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں 149 مسافروں سمیت عملے کے 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.