Latest news

راولپنڈی ٹیسٹ، سری لنکا کی بلے بازی جاری

راولپنڈی: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف بلے بازی جاری ہے۔

پنڈی کے میدان میں کھیلے جانے والے تاریخی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ 9 بج کر 45 منٹ شروع ہو گا جب کہ محکمہ موسمیات نے آج جڑواں شہروں میں بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ  خوشی ہے کہ دس سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی ہے، خواہش تھی ہمارے گراؤنڈز کی رونقیں بحال ہوں، تمام پلیئرز بہت خوش ہیں، پہلے ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے کی پوری کوشش کریں گے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم ہم کوشش کریں گے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیل کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں بہترین صلاحیت کے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ میں فتح دلا سکتے ہیں۔

اپنی کارکردگی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کپتان کا کھیل میں بھی اپنا رول ہوتا ہے، پورا احساس ہے اور کوشش کر رہا ہوں کہ اپنی فارم بحال کروں اور خود بھی بڑا اسکور کروں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم میں دس سال ہو گئے ہیں، گزشتہ چار سے پانچ سال سے پوری کوشش کرتا ہوں ٹیم کو میچ جتوا سکوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا کو آسان حریف نہیں لیا جا سکتا ان کی باؤلنگ اور بیٹنگ اچھی ہے،اگر آئی لینڈرز کو ہرانا ہے تو ہمیں ڈسپلن سے کھیلنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ ہمارا فخر ہے جتنا اچھا کھیلیں گے نتیجہ بھی اچھا ہوگا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.