Daily Taqat

ایران میں ڈھائی کروڑ افراد کورونا سے متاثر، ایرانی صدرکا انکشاف

تہران:ایران میں ڈھائی کروڑ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور مزید ساڑھے تین کروڑ افراد وبا کی لپیٹ میں آسکتے ہیں یہ انکشاف ایرانی صدر حسن روحانی نے ایک اجلاس میں کیا.

ایران کی کورونا وائرس فائٹنگ ٹاسک فورس کے ٹی وی پر نشر ہونے والے اجلاس میں صدر روحانی نے کہا کہ ہمارے اندازے کے مطابق ایران میں 2 کروڑ پچاس لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور مزید تین سے ساڑھے تین کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ملک کی چوتھائی سے زائد آبادی کے متاثر ہونے کے باوجود ایران میں ہرڈ امیونٹی حاصل نہیں ہوسکی ہے تاہم ہمارے پاس متحد ہو کر اس وبا کو روکنے کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔

واضح رہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا وائرس کے باعث 14 ہزار اموات ہوچکی ہیں اور متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ایران کی آبادی 8 کروڑ سے زائد ہے یہی وجہ ہے کہ آبادی کے تناسب کے اعتبار سے ایرانی صدر کے بتائے گئے اعداد و شمار کو بڑا انکشاف قرار دیا جارہا ہے۔ شعبہ ابلاغیات کے نائب سربراہ علی رضا معزی نے ٹوئٹ کیا کہ ڈھائی کروڑ متاثر ہونے سے صدر کی مراد وہ لوگ ہیں جنھیں وائرس کا سامنا ہوا لیکن انہوں نے اس مرض کے خلاف مدافعت پیدا کرلی۔

اس وقت دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 40 لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے جب کہ عالمی سطح پر 6 لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »