Daily Taqat

امریکہ نے ہانگ کانگ کی خصوصی حیثیت ختم کر دی

واشنگٹن:امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو حکم نامے کے ذریعے ہانگ کانگ کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ اب ہانگ کانگ کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرے گا جیسا وہ چین کے ساتھ کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہانگ کانگ اب امریکہ کی تجارتی یا معاشی ترجیحات میں شامل نہیں رہے گا اور نہ ہی امریکہ اب اسے حساس ٹیکنالوجی برآمد کرے گا۔ ہانگ کانگ کے لیے تجارتی مراعات بھی ختم کی جا رہی ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ حکم نامہ ایسے وقت میں جاری کیا ہے جب گزشتہ ماہ چین کی پارلیمنٹ سے منظور ہونے والے نئے سیکیورٹی قانون کو ہانگ کانگ میں نافذ کیا گیا ہے جسے ہانگ کانگ عوام کی خود مختاری سلب کرنے کے مترادف قرار دے رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کانگریس کی منظوری کے بعد ایک اور بل پر بھی دستخط کیے ہیں جس کے تحت ہانگ کانگ کی خود مختاری محدود کرنے کے حامیوں کے ساتھ کاروبار کرنے والے بینکوں کو بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ خیال رہے کہ ہانگ کانگ میں 2018 کے اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ 85 ہزار امریکی شہری مقیم ہیں جب کہ 1300 کے قریب امریکی کمپنیوں کے وہاں دفاتر ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ بل پر دستخط کر کے چین کا احتساب کیا ہے جس نے اپنی جارحانہ پالیسی سے ہانگ کانگ کے شہریوں کے حقوق سلب کیے ہیں۔ نئے امریکی اقدامات کے تحت ہانگ کانگ کو برآمدات کے لیے لائسنس کا استثنٰی ختم کرنے کے علاوہ ہانگ کانگ کا پاسپورٹ رکھنے والوں کو حاصل مراعات بھی ختم کر دی گئی ہیں۔ مستقبل قریب میں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔

صدر ٹرمپ کے اقدامات پر ردِ عمل دیتے ہوئے چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ سے متعلق اقدامات چین کا اندرونی معاملہ ہے۔ کسی دوسرے ملک کو چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔ چین کے قانون ساز ادارے قومی عوامی کانگریس کی کمیٹی نے جون میں قومی سلامتی کے ایک قانون کی منظوری دی جو چینی ریاست سے اختلاف رائے کو ایک جرم قرار دیتا ہے۔

واضح رہے کہ چین میں ایک قانون کی منظوری کے بعد سے پولیس کو ہانگ کانگ کی خود مختاری کے حامیوں کی جبری گرفتاری اور مظاہرین کو طاقت سے کچلنے کے اختیارات بھی مل گئے ہیں۔ یہ مظاہرے گزشتہ برس سے جاری تھے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »