Daily Taqat

نیول چیف نے ساحلی پٹی پر مینگروز شجر کاری مہم کا آغازکر دیا

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر مینگروز کی شجر کاری مہم 2018 کا آغازکر دیا ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب شاہ بندر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے۔ شجر کاری مہم کے تحت سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر تقریبا 20 لاکھ مینگروز لگائے جائیں گے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے مطابق مینگروز کے جنگلات کی کٹائی نے نہ صرف ساحلی پٹی کے حیاتی نظام تنوع بلکہ اس کے باسیوں کے ذریعہ معاش کو بھی متاثر کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک بحریہ ساحلی پٹی کے دفاع کے علاوہ اس کے قدرتی ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ کی مینگروز شجرکاری مہم مینگروز کے جنگلات میں اضافے اور ان کی اہمیت اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

نیول چیف نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور ماحول کی بدلتی ہوئی صورتحال سے ساحلی پٹی کے باسیوں کی زندگی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ساز اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو مینگروز کے جنگلات بڑھانے کے لیے ایک پیج پر ہونے کی ضرورت ہے۔

ایڈمرل ظفر محمود نے کہا کہ پاک بحریہ نے بحری معیشت آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا ہے، تمام ادارے اس میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے مختلف اداروں اور اسکولوں/ کالجوں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ مینگرووز شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب میں سول سوسائٹی، وفاقی اور صوبائی حکومت کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ورلڈوائیلڈ لائف فنڈاور بین الاقوامی ادارہ برئے تحفظ قدرتی ماحول کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر نیول چیف نے سرکریک میں پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ بھی کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »