نیلم منیر، ماہرہ اور صبا قمر جیسی بڑی اداکاراؤں کے برابر ہیں: احسن خان

لالی وڈ اسٹار احسن خان نے ساتھی اداکارہ نیلم منیر کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں بلکہ ماہرہ خان اور صبا قمر جیسی بڑی اداکاراؤں کے برابر ہیں۔

احسن خان اور نیلم منیر آج جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ کے مہمان تھے۔ اس موقع پر دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں دونوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’چھپن چھپائی‘ کے پہلے ہفتے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔

فلم ‘چھپن چھپائی’ نے پہلے ہی ہفتے میں ایک کروڑ 70 لاکھ روپے تک کا شاندار بزنس کرلیا ہے جو پاکستانی فلموں کے بزنس کے حوالے سے قابل ستائش ہے۔

انٹرویو کے دوران احسن خان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی لوگوں کو یہ گلہ ہے کہ صرف ڈرامے اچھے نظر آتے ہیں پاکستانی فلمیں اچھی نہیں ہوتیں، لیکن میں یہ ضرور کہوں گا کہ فلم چھپن چھپائی ایک مکمل انٹرٹینمنٹ فلم ہے’۔

احسن خان نے اپنی ساتھی اداکارہ نیلم منیر کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘نیلم میں 100 فیصد وہ تمام خصوصیات ہیں جو ایک فلمی اداکارہ میں ہونی چاہئیں، میں دوبارہ بھی نیلم کے ساتھ ہی فلم کرنا چاہوں گا’۔

دوسری جانب نیلم منیر نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہیں فلم میں مزاحیہ کردار کرنا پسند ہے اسی لیے فلم ’چھپن چھپائی‘ کے اسکرپٹ کو ترجیح دی کیونکہ لوگ سنجیدہ فلموں سے زیادہ مزاحیہ فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ‘مداحوں نے فلم میں میرے کردار کو بے حد پسند کیا ہے، یہاں تک کہ میں یونیورسٹیوں وغیرہ میں گئی تو وہاں میرا استقبال نہایت گرم جوشی سے کیا گیا اور وہاں ‘نیلم تیرے جانثار‘ کے  نعرے لگائے گئے’۔

نیلم منیر نے دوسری اداکاراؤں کی فلموں کے بارے میں کہا کہ ‘میں چاہتی ہوں کہ جیسے میری فلم کامیاب بزنس کر رہی ہے ایسے ہی باقی اداکاراؤں کی فلمیں بھی کامیاب ہوں کیونکہ اس سے پاکستان کی فلم نگری کا معیار بہتر ہوگا’۔

نیلم منیر سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ بالی وڈ میں کام کرنا چاہیں گی؟ تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے اپنے ملک پاکستان میں ہی کام کرنا پسند ہے’، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ اگر وہ اگلی فلم کریں گی تو وہ بھی احسن خان کے ساتھ ہوگی۔

فلم ’چھپن چھپائی‘ 29 دسمبر 2017 کو ریلیز کی گئی،  4 جنوری کو دبئی میں اس کی نمائش کی جائے گی جب کہ 5 جنوری کو امریکا اور کینیڈا میں یہ فلم سینما گھروں کی زینت بنے گی۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.