Daily Taqat

سال بھرکی کارکردگی کی رپورٹ تسلی بخش قرار، اراکین کا مکمل اطمینان کا اظہار

لاہور :  پاکستان کے اخبارات و جرائد کے مدیران نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹینڈنگ کمیٹی کی سالانہ کارکردگی رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز نجی ہوٹل میں سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سی پی این ای کی سال بھر کی کارکردگی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں سی پی این ای کے تمام عہدیداروں کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ سی پی این ای کی بقا اور سا لمیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مدیران نے کہا کہ آزادی صحافت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ 2018ءکے الیکشن قریب ہیں اور تمام جماعتیں مطالبہ کر رہی ہیں کہ اس میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ اجلاس میں یہ مطالبہ کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کی طرح میڈیا کو بھی یکساں مواقع دیئے جائیں۔ کسی سے امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔ اجلاس میں ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سی پی این ای ملک بھر کے اخبارات و جرائد کے مدیران کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو آزادی صحافت، آزادی اظہار، اخبارات و جرائد کے حقوق کےلئے جدو جہد کر رہی ہے اور اس کے اراکین متحد اور باہمی یکجہتی کی علامت ہیں۔ مدیران نے اس بات کا عہد کیا کہ سی پی این ای کے مخالفین کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور اسکروٹنی کم انٹرولمنٹ کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ فہرست منظور کرتے ہوئے صوبہ سندھ سے شائع ہونے والے اخبارات روزنامہ آس حیدرآباد، روزنامہ بکھر نیوز سکھر، روزنامہ فرنٹ لائن کراچی، روزنامہ جہان پاکستان کراچی، روزنامہ جھونگار کراچی، روزنامہ محشر کراچی، روزنامہ مقدم نیوز حیدرآباد، روزنامہ سچل ٹائمز کراچی اور روزنامہ وفائے سندھ کراچی کو ایسوسی ایٹ رکنیت دی گئی۔ صوبہ پنجاب سے روزنامہ کارنامہ لودھراں، روزنامہ رات لاہور، روزنامہ رپورٹ فیصل آباد، روزنامہ صدائے وطن لاہور، روزنامہ سنگ میل ملتان، روزنامہ شیلٹر فیصل آباد اور ہفت روزہ سانول بھکر۔ اسلام آباد سے ہفت روزہ منارٹی ٹائمز۔ خیبرپختونخوا سے روزنامہ عدن پشاور، روزنامہ ھیواد پشاور، روزنامہ حرمت پشاور اور روزنامہ سرحد نیوز ایبٹ آباد جبکہ بلوچستان سے روزنامہ عصرنو گوادر، روزنامہ باخبر کوئٹہ اور وزنامہ ہمت کوئٹہ کو ایسوسی ایٹ رکنیت دی گئی۔ اجلاس کے آخر میں سیکریٹری جنرل اعجاز الحق نے سی پی این ای کا سالانہ اجلاس عام مورخہ 12 مئی 2018ءبروز ہفتہ بمقام سی پی این ای سیکرٹریٹ کراچی میں منعقد کرانے کا اعلان کیا۔ تقریب میں سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد، سیکرٹری جنرل اعجاز الحق، نائب صدور رحمت علی رازی، عامر محمود، انور ساجدی، طاہر فاروق، سینئر اراکین عارف نظامی، ایاز خان، ڈاکٹر جبار خٹک، غلام نبی چانڈیو، کاظم خان، عبدالرحمان منگریو، عارف بلوچ، مظفر اعجاز، عبدالخالق علی، ممتاز احمد صادق، تنویر شوکت، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، اسلم خان، بشیر احمد میمن، ارشاد احمد عارف، ذوالفقار احمد راحت، سید انتظار حسین زنجانی، حافظ طاہر محمود اشرفی، سید فرزند علی، معظم فخر، نجم الحسن عارف، وقاص طارق فاروق اور اسلم میاں نے شرکت کی۔ بعداز اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر سی پی این ای سٹینڈنگ کمیٹی کے وفد کے اعزاز میں عصرانے کا اہتمام کیا گیا جہاں پر انہوں نے موجودہ سیاسی وملکی صورت حال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مدیران کو آگاہ کیا اور سوالات کے جواب دیئے۔ وزیراعلی نے سی پی این ای کی خدمات کی تعریف کی۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »