Latest news

لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی سے پاک فوج کا جوان شہید،دو خواتین زخمی

نکیال /راولپنڈی:  لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید اور دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی فرسز کی جانب سے ایل او سی کے بروھ اور چری کوٹ سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان نعمت ولی شہید ہوا جب کہ دو خواتین زخمی بھی ہوئیں۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خواتین کا تعلق سریاں گاں سے ہے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی پوسٹ کو کافی نقصان پہنچا، بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی)پر بھارتی فوج کی کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر کی خاتون جاں بحق ہو گئی تھیں۔اس سے قبل 3 اکتوبر کو آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فوج کی شیلنگ کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی جانب سے حاجی پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

اس سے قبل اگست میں پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر موثر جواب دیتے ہوئے ایک افسر سمیت 6 بھارتی فوجیوں کو ہلاک، کئی کو زخمی اور 2 بنکرز کو تباہ کردیا تھا۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی سیکٹر میں بھارت کی جانب کی گئی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا موثر جواب دیا۔ ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔حکام کے مطابق رواں برس ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں آزاد جموں و کشمیر میں درجنوں افراد شہید اور 190 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.