حکومت مستحق اورخصوصی افرادکوبنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے ہرکوشش کررہی ہے، رفیق رجوانہ

لاہور: گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ حکومت مستحقاور خصوصی افراد کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تاہم اس نیک کام میں مخیر حضرات کا جذبہ بھی کارفرما ہو توان افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے، خصوصی افراد دوسروں سے کہیں زیادہ ذہین اور ان کی امنگیں اور جذبے کبھی ماند نہیں ہوتے، ہمیں چاہئے کہ ان کے جذبوںکی قدر کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں ادارہ بحالی معذوراں کے سالانہ فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب میں ادارہ بحالی معذوراں کے صدرپرویز مسعود ، ڈائریکٹراخوت ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت خصوصی بچوں اورمخیر حضرات کی کثیر تعداد موجود تھی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ یہاں مختلف ادارے ناداراور مستحق افراد کی مدد کے ساتھ ساتھ خصوصی لوگوں کی بحالی کےلئے نیک کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا روم نے فرمایا تھا کہ مجھے ایسے شخص کی تلاش ہے جس نے اللہ کی راہ میں دیا اور مفلس ہو گیا ،یقینی طور پر ایسا شخص کہیں نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں سے سبق سیکھنا چاہئیے جن کا معذور ہونے کے ساتھ جذبہ ماند نہیں ہوتا۔ گورنر نے کہا کہ اگرچہ ماں باپ کی کمی کوئی پوری نہیں کر سکتا لیکن مستحق افراد کی مدد کا فریضہ سر انجام دینے والے افراد ان کےلئے ماں باپ سے کم نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ جب معذور لوگ ذہن اور سوچ سے پورا کام لیتے ہیں اور ان کے جذبے بھی ہمیشہ جوان رہتے ہیں تو چلتے پھرتے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی نعمت کا شکریہ ادا کرنا چاہئیے اور مایوسی کا شکار نہیں ہونا چاہئیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں درد مند افراد کی کمی نہیں،مستحق افراد کی مدد معاشرے کا فرض اور قرض بھی ہے،ہمیں کارپوریٹ سوشل ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس کار خیر میں حصہ ڈالنا چاہئیے کیونکہ معاشرے انہی روایات کے ساتھ زندہ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے گھر میں کوئی سپیشل بچہ موجود ہو تو ہمیں اس گھر کی پریشانیوں کا اندازہ ضرور لگانا چاہئیے ۔ گورنر نے کہا کہ یہ امر بھی حوصلہ افزا ہے کہ اساتذہ میں خصوصی افراد کو پڑھانے کا درد اور جذبہ موجود ہے اور وہ اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کا حصہ لیتے ہیں۔اس موقع پر سپیشل بچوں نے ملی نغمے بھی گائے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا۔ تقریب سے ادارہ بحالی معذوراں کے صدر پرویز مسعود اور اخوت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے بھی خطاب کیا۔اس موقع مخیر حضرات نے دل کھول کر عطیات دئیے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.