ڈیرہ غازیخان : ڈیرہ غازی خان مظفرگڑھ دورویہ روڈ کو 31 مارچ تک مکمل کرنے کیلئے حتمی تاریخ دے دی گئی ہے منصوبہ پر تیرہ ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں.
کمشنر طاہر خورشید نے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو منصوبہ کی نگرانی اور بروقت تکمیل کیلئے خصوصی ٹاسک دیدیا ہے کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر خورشید نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ مظفرگڑھ دورویہ کی تعمیر ہر صورت 31 مارچ تک مکمل ہونی چاہئے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز منصوبہ کو مانیٹر کریں۔مٹیریل کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
منصوبہ کی تکمیل کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کردیئے گئے ہیں پچاس کلو میٹر سے زائد روڈ پر دو بائی پاس اور تین پل تعمیر کئے جارہے ہیں غازی گھاٹ کے مقام پر دریائے سندھ میں این ایچ اے پل تعمیر کرے گا۔ رقبہ کے حصول کیلئے کام کیا جا رہا ہے۔ کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ راجن پور سے ترنمن تک انڈس ہائی وے کو دو رویہ کرانے کی سفارشات بھیج دی ہیں۔
ڈیرہ غازیخان میں نادرن بائی پا س کی تعمیر جلد شروع ہوگی۔کمشنر نے کہا کہ پل ڈاٹ کی ری ڈیزائنگ کرنے جارہے ہیں۔کمشنر طاہر خورشید نے کیا کہ ڈویژن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ ڈاکٹر احتشام انور،ایڈیشنل کمشنر اظفر ضیائ،ایس ای میپکو اور دیگرافسران شریک تھے۔