سعودی قیادت میں عرب اتحادکایمن کےلئے ڈیڑھ ارب ڈالرزکی امداد کااعلان

ریاض:  سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمن کیلئے مزید ڈیڑھ ارب ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یمنی عوام تک انسانی امداد بہم پہنچانے کیلئے الحدیدہ سمیت ملک کی تمام بندرگاہوں کو کھلا رکھنے کیلئے اقدامات کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ بندر گاہیں ہمہ وقت کھلی رہیں۔عرب اتحاد کے بیان کے مطابق نئی اعلان کردہ امدادی رقم اقوام متحدہ کی ایجنسیوں اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ذریعے تقسیم کی جا ئے گی اور اس کو غذائی اجناس اور دوسرے امدادی سامان کی یمن میں درآمد پر صرف کیا جائے گا۔اتحاد کا کہنا تھا کہ وہ یمن کیلئے ماہانہ درآمد کی جانیوالی غذائی اجناس کی مقدار کو بڑھا کر ایک کروڑ چالیس لاکھ میٹرک ٹن تک کرنا چاہتا ہے۔ گذشتہ سال ہر ماہ یمن میں ایک کروڑ دس لاکھ میٹرک ٹن غذائی اجناس درآمد کی گئی تھیں۔ اتحاد نے یمن کی بند رگاہوں کی گنجائش میں اضافے کیلئے بھی چار کروڑ ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے تاکہ غذائی اجناس لیکر آنیوالے اضافی بحری جہازوں کو وہاں لنگر انداز کیا جاسکے۔

اس نے سعودی دارالحکومت الریاض اور یمن کے وسطی صوبے مآرب کے درمیان ایک فضائی کوریڈور قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔اس کے تحت الریاض سے سی 130 مال بردار طیاروں کے ذریعے مختلف اقسام کا ضروری امدادی سامان ، غذائی اشیاءاور ادویہ بھیجی جائیں گی۔اس کے علاوہ میں یمن میں متاثرہ افراد تک امدادی سامان بہم پہنچانے کے لیے سترہ محفوظ زمینی راہداریاں بنائی جائیں گی تاکہ یمن کے دور دراز علاقوں میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیمیں وہاں کسی رکاوٹ کے بغیر امدادی سامان پہنچا سکیں۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ ان انسانی امدادی سرگرمیوں کو محفوظ طریقے سے پایہ تکمیل کو پہنچانے کے لیے عسکری وسائل بھی مہیا کیے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ”ہم مصائب کا شکار یمنیوں کے مسائل کم کرنے کے لیے ان تک پیشہ ورانہ انداز میں امدادی سامان پہنچانے کی ضمانت دیں گے۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.