صنم ماروی نے تھر میں پانی اوربجلی کی فراہمی کیلئے کام شروع کردیا
لاہور: معروف گلوکارہ صنم ماروی نے تھرکے علاقہ مٹھی کے باسیوں کوپانی اوربجلی کی فراہمی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو اکھٹا کرنے کی مہم کا آغاز کردیا۔صنم ماروی کا کہنا تھا کہ میرا تعلق سندھ سے ہے اورمیں بخوبی اندرون سندھ کے حالات سے واقف ہوں لیکن جو منظر گزشتہ دو دنوں کے دوران میں نے تھر کے علاقہ مٹھی میں دیکھا ہے، اس کو لفظوں میں بیان کرنا انتہائی مشکل ہے۔صنم ماروی نے بتایا کہ اس خطے میں بسنے والے لوگوں کے پاس نہ صاف پانی ہے اورنہ ہی بجلی، نہ ہی ان کے پاس کوئی اسکول ہے اورنہ ہی اسپتال، حاملہ خواتین ناجانے کیسے زندگی بسر کررہی ہیں جب کہ ہر سال بہت سی صرف اسپتال نہ ہونے کی وجہ سے وفات پاجاتی ہیں اسی لیے میں نے کینیڈا میں بسنے والے مخیرپاکستانیوں کومدعوکیا تھا اوران کے ساتھ مل کرہم نے دودن کے دوران کثیررقم سے وہاں پر صاف پانی کے کنوئیں کھدوائے اورنلکے بھی لگوائے۔ اس کے علاوہ خواتین اوربچوں کو نئے کپڑے بھی دیے۔گلوکارہ نے بتایا کہ اس دوران مجھے بچوں اورخواتین سے بات کرنے کا موقع ملا توان کو یہ پتہ ہی نہیں ہے کہ بجلی جیسی کوئی چیز ہے جس سے رات کے وقت روشنی ہوجاتی ہے۔ یہی نہیں ان تک پہنچنے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔