رائیونڈ دھماکہ شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائنزمیں ادا کردی گئی

لاہور: رائیونڈ اجتماع گاہ کے قریب چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے پانچ پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں گورنر ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف،وزیر انسداد دہشتگردی کرنل (ر) ایوب گادھی ، کور کمانڈرلیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، ڈی جی رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات ، چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید ،ایڈیشنل سیکرٹری ہوم میجر (ر) اعظم سلیمان،آئی جی پنجاب عارف نواز،سی سی  پی او امین وینس، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر سمیت دیگر عسکری و پولیس حکام اور پولیس کے جوانوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی ۔شہید ہونے والے پولیس کے جوانوں کی میتیںڈیڈ ہاﺅس سے ایمبولینسز کے ذریعے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ پہنچائی گئیں ۔اعلیٰ شخصیات کی آمد کے پیش نظر حساس ادارے اور پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور اطراف کے علاقوں میں پیٹرولنگ کی جاتی رہی ۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداءکی روح کے ایصال ثواب، دہشتگردی کے خاتمے ، ملک کی سلامتی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی گئی ۔ بعد ازاں پولیس کے دستے نے شہداءکے جسد خاکی کو سلامی دی اور اس کے بعد گورنر ، وزیر اعلیٰ ، کور کمانڈر ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سمیت دیگر کی جانب سے پھول چڑھائے گئے ۔ نماز جنازہ کے بعد میتوں کو تدفین کے لئے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.