عوام نے دیکھاکہ پارلیمنٹ کیخلاف کیسی زبان استعمال کی گئی انتخابات میں انکا محاسبہ ہوگا، نوازشریف

لاہور: سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہاہے کہ سارے ملک نے دیکھا اورسنا کہ پارلیمنٹ کے خلاف کیسی زبان استعمال کی گئی اور انتخابات میں عوام یقینی طور پر ایسے لوگوںکامحاسبہ کریںگے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پہاڑ جیسی رکاوٹوں کو عبور کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے ، ہری پور اور پشاور میں جلسے عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی امراءرائے ونڈ میں کارکنوںکے ہمراہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سابق وزیر اعظم نماز کی ادائیگی کے بعد رہنماﺅں اور کارکنوں میںگھل مل گئے اور ان سے مصافحہ کر کے حالات بارے آگاہی حاصل کی ۔نواز شریف کا کہنا تھاکہ کارکن ہمارااثاثہ اور اصل طاقت ہیں ، آپ نے انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ترقی کی ضامن ہے اور ہمارے ادوار میں ہمیشہ ترقی کی رفتار بڑھی اور آج بھی یہ سفر جاری ہے۔ انہوںنے کہا کہ سارے ملک نے دیکھا اور سنا کہ مال روڈ پر پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے اس کےخلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی ۔ اس پر پوری قوم نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے ، ایسے لوگوں کا محاسبہ ہونا چاہیے اور یقینی طو رپر انتخابات میں لوگ ایسا کریں گے ۔قبل ازیں نواز شریف سے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ملاقات کی جس میں مجموعی سیاسی صورتحال سمیت صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔سابق وزیر اعظم کی رہائشگاہ پرمحفل میلاد کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں محمد نواز شریف ، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ،رانا ارشد ، بجاش خان نیازی ، سجاد ربانی ،فواد ، حاجی طلعت ، مرزا جاوید سمیت لیگی کارکنوںنے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر نبی دو جہاں کی شان اقدس میں ہدیہ نعت پیش کرنے کے ساتھ درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا۔اس موقع پر ملک کی سلامتی ،استحکام ، ترقی ،خوشحالی اور بیگم کلثوم نواز کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.