Daily Taqat

کراچی والوں نے پرانی ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا نئی کو بھی جگہ نہیں ملےگی‘ پیپلز پارٹی

لاہور:  پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو ایم کیو ایم پارٹ ٹو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی والوں نے پرانی ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا اور اب نئی کو بھی جگہ نہیں ملے گی ،پی ٹی آئی نے بدترین شرپسندی کی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی، عمران خان اپنی تقریروں سے کارکنوں میں اشتعال پھیلاتے ہیں مگر جو بھی سیاسی قوت تشدد کا راستہ اختیار کرے گی عوام اسے مسترد کر دیں گے۔ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور مرکزی رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر مولابخش چانڈیو نے تحریک انصاف کے رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ایم کیو ایم پارٹ ٹو ہے، عمران خان کی خواہش ہے کہ ایم کیو ایم کا متبادل بنیں مگر کراچی والوں نے پرانی ایم کیو ایم کو مسترد کر دیا نئی کو بھی جگہ نہیں ملے گی۔تحریک انصاف نے ایم کیو ایم کی طرح پہلے غنڈہ گردی کی پھر مظلومیت کا رونا رونا شروع کر دیا، کراچی لاوارث شہر نہیں کہ کوئی بھی آکر بدمعاشی کرے، اب یہاں قانون چلے گا، بغیر اجازت کیمپ لگانا، سڑکوں اور گراﺅنڈوں پر قبضے کرنا کہاں کی سیاست ہے، جو بھی سیاسی قوت تشدد کا راستہ اختیار کرے گی کراچی کے عوام اسے مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کی سیاست جمہوریت اور ملک کیلئے نقصان دہ ہے، پی پی نے تشدد برداشت کیا ،جانیں دیں لیکن تصادم کا راستہ کبھی اختیار نہیں کیا، ہم نے ہمیشہ جمہوریت، برداشت اور رواداری کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی تقریروں سے کارکنوں میں اشتعال پھیلاتے ہیں، مخالف سیاسی جماعتوں کے خلاف غیرسیاسی لب و لہجہ اختیار کرنے والے (ن) لیگ کا انجام دیکھ لیں۔جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ تحریک انصاف جان بوجھ کر شہر قائد کے حالات کشیدہ کرنا چاہ رہی ہے، پی ٹی آئی نے بدترین شرپسندی کی اور شہر کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی، ریکارڈ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی نے جناح گراﺅنڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا ، پی پی کراچی نے حکیم سعید گراﺅنڈ کی اجازت لی پی ٹی آئی حملہ آور ہوئی، تحریک انصاف کسی اور جگہ جلسہ کرے تو کراچی کی انتظامیہ اسے اجازت دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جلسے کئے انہیں کبھی نہیں روکا گیا، 12مئی کو کراچی میں پی پی پی کے کارکن شہید ہوئے جن کی برسی ہر سال منائی جاتی ہے، 12مئی کو تو تحریک انصاف نے انگلی بھی نہیں کٹوائی اس لئے وہ شرپسندی کر رہے ہیں، پی ٹی آئی ایم کیو ایم کی طرح دھونس اور دھاندلی کی سیاست کرنا چاہتی ہے، پی ٹی آئی قیادت سن لیں کراچی کے عوام ان کہ پرتشدد سیاست کو دوبارہ کسی طور پنپنے نہیں دیں گے۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »