Latest news

آج عدالتوں نے اپنی آزادی اور اداروں نے خود مختاری کا اعلان کردیا :فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 70 سال سے طاقتور شخصیات قانون کو تابع کرتی رہیں، آج عدالتوں نے اپنی آزادی اور اداروں نے خود مختاری کا اعلان کردیا،طاقتور اشخاص کی گرفتاریاں آزاد عدلیہ کا ثبوت ہیں،حکومت ہو یا اپوزیشن قانون سب کے لیے برابر ہوگا، قانون کی بالا دستی ہی عمران خان کا وژن ہے۔

پارلیمنٹ ہا وس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمعاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یکساں قانون کا اطلاق یقینی بنانے پر وزیر اعظم کو مبارکباد، 70 سال سے طاقتور شخصیات قانون کو تابع کرتی رہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سابق صدر آصف زرداری اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کی گرفتاری پر کہا کہ آج عدالتوں نے اپنی آزادی اور اداروں نے خود مختاری کا اعلان کردیا، طاقتور اشخاص کی گرفتاریاں آزاد عدلیہ کا ثبوت ہیں۔ خواہش پر اور مرضی کے تحت قانون کی تشریح کی جاتی رہی، آج اداروں نے خود مختاری کا اعلان کر کے دل جیت لیے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جو وعدہ کیا تھا آج اس کی تکمیل کی جانب پہلا قدم ہے، آج کا دن وہ خواب تھا جس کی تعبیر کے لیے عمران خان نکلے تھے، ہم توقع کرتے ہیں کہ آئین اور قانون کی بالا دستی کا سفر جاری رہے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت ہو یا اپوزیشن قانون سب کے لیے برابر ہوگا، قانون کی بالا دستی ہی عمران خان کا وژن ہے۔ آج پیش کیا جانے والا بجٹ وزیر اعظم کی سوچ کی عکاسی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے لیے جدوجہد ہوگی، عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنے کے لیے تدابیر بنیں گی۔ آج کے بجٹ میں عوام کے ریلیف کے لیے بات ہوگی، طاقتور سرمایہ دار کو بھی مین اسٹریم حصہ دار بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں وسائل کی تقسیم میں توازن نہیں تھا، بجٹ امیر اور غریب کا توازن کرنے جا رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اداروں میں غیر ضروری اخراجات کو ختم کیا جائے گا، پاکستان کی معیشت کی درست سمت کا تعین ہوگا۔ آج ایک طرف سیاسی آہ و بکا ہوگی، دوسری طرف عوام کے لیے ترجیحات۔ ہم نے مل کر پاکستان کی جنگ لڑنی ہے۔ ترجیحات میں بہتری کے لیے ہر بہتر تجویز کو خوش آمدید کہیں گے۔
فردوس عاشق


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.