Latest news

10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی : مریم اورنگزیب

اسلام آباد؛ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ کو جب بھی بڑے جھوٹ کا ریکارڈ بنانا ہوتا ہے تو آپ ریکارڈ کرا کر پیغام دیتے ہیں،عمران صاحب آپ نے پھر نہیں بتایا 10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی ۔ وزیراعظم عمران خان کے قوم سے پیغام پر اپنے ردعمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو تو اب جھوٹ بولنے کی مہارت ہے، پارلیمنٹ میں آ کر لائیو جھوٹ بولا کریں، وہ پارلیمنٹ آنے سے اس لئے ڈرتے ہیں کیونکہ انہوں نے ووٹ چوری کیا ہے۔

ترجمان (ن)لیگ نے کہا کہ عمران صاحب نے پھر نہیں بتایا کہ 10 ماہ میں آپ نے 30 ہزار ارب قرضہ لیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی، مسلم لیگ ن نے قرضہ لیا جو ہر ملک لیتا ہے، عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ (ن)نے قرضہ لیا ملک کو 11 ہزار میگاواٹ بجلی دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب یہ بھی بتانا تھا کہ مسلم لیگ (ن)نے 10 ہزار کلو میٹر کی موٹر ویز اور سڑکوں کا جال دیا، دہشت گردی ختم کی اور صحت و تعلیم کے پراجیکٹ دیے۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے ایک سال پہلے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن)کی ایمنسٹی سے فائدہ اٹھانے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، آج کل علیمہ باجی کس جیل میں ہیں، علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور دیگر احباب کو پیغام تھا مزید بے نامی اثاثے حلال کریں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اپنے اثاثے 1.4 ارب کے اور ٹیکس ایک لاکھ روپیہ ہے، عمران خان آپ بھی اپنی تمام بیوی، بچوں اور بہنوں کے اثاثے ظاہر کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام سمجھتے ہیں وزیرعظم جھوٹا، نالائق، نااہل اور آپ کے بقول چور ہے، آپ نے یہ نہیں بتایا قوم سے کئے پہلے وعدوں کا کیا ہوا، اس کا جواب کون دےگا، نہیں بتایا آئی ایم ایف کا بنایا بجٹ پاکستانی عوام کی جیبیں خالی کرے گا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.