ہمیں مودی یا ٹرمپ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کوبچانے کیلئے دہشتگردی اور انتہا پسندی کاخاتمہ کرنا ہے، بلاول بھٹو

ڈیووس :  پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زداری نے کہاہے کہ ہمیں مودی یا ٹرمپ کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کو بچانے کے لیے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہے۔ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم اجلاس کے موقع پر اپنے ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا جائے تو دنیا کو ہم پر تنقید کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، پاکستان کے خلاف بھارت کا موقف بھرپور انداز میں پیش کرتے ہیں، بالکل اسی طرح پاکستان کو بھی اپنا موقف دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رواں ماہ کے آغاز میں دیئے گئے پاکستان مخالف بیان کے تناظر میں بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم نیشنل ایکشن پلان پر درست طریقے سے عمل کریں تو کسی کے بھی پاس پاکستان پر تنقید کرنے کا موقع نہیں رہے گا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.