پاکستان تحریک انصاف نے مراسلہ ارسال کرکے ملتان میٹروبس منصوبے میں چینی کمپنی کے ساتھ مالی لین دین کی تفصیلات طلب کرلیں

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے گورنر اسٹیٹ بینک کو مراسلہ ارسال کرکے ملتان میٹرو بس منصوبے میں چینی کمپنی کے ساتھ مالی لین دین کی تفصیلات طلب کرلیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی ذرائع کے مطابق مراسلہ پارٹی کے سینئر رہنما اور ایڈووکیٹ ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے ارسال کیا گیا۔ ڈاکٹر بابراعوان نے گورنر اسٹیٹ بینک سے آرٹیکل 19 اے کے تحت چینی کمپنی ’یابیت‘ کے ساتھ مالی لین دین کی تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ معلومات تک رسائی عوام کا بنیادی حق ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمپنی ’یابیت‘ نے ملتان میٹرو بس منصوبے کی مد میں پاکستان سے بھاری رقوم وصول کی ہیں جو مبینہ طور یہ رقوم عوامی جمہوریہ چین کے مرکزی بینک میں جمع کرائی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی اس میگا منصوبے میں میگا کرپشن پر قانون کے مطابق عملدرامد کی خواہاں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھاری رقوم کا تبادلہ اسٹیٹ بینک کی اجازت کے بغیر ممکن نہیں اسی لیے یقینی طور پر رقوم کے اس بھاری تبادلے کا ریکارڈ اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ہے۔ مراسلے میں بابر اعوان نے کہا کہ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ معاملہ انتہائی عوامی اہمیت کا حامل ہے تاہم تحریک انصاف اس ریکارڈ کی مصدقہ نقول کی فراہمی کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک سے درخواست کی کہ یابیت کمپنی کے ساتھ پاکستان اور چین کے مابین مالی لین دین کے ریکارڈ کی نقول بمع تمام دستاویزات مکمل تفصیلات کے ساتھ فراہم کی جائیں۔

 


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.