Latest news

ضلع قصور میں یوم عاشور نہایت عقیدت و احترم سے منایا گیا

قصور: ضلع قصور میں یوم عاشور نہایت عقیدت و احترم سے منایا گیا ۔ اس سلسلے میں ضلع قصور کی چار وں تحصیلوں میں مجالس عزا ،تعزیے اورذوالجناح کے جلوس نکالے گئے ۔اس حوالے سے مرکزی جلوس ضلعی ہیڈ کوارٹر قصور کی امام بارگاہ سادات منزل سے برآمد ہوا ۔یہ جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اڈا للیانی پہنچا تو عزاداروں نے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے نواسہ رسول ﷺ ، جگر گوشہ بتول ؑ،حضرت امام عالی مقام اور ان کے اہل بیت کی طرف سے میدان کربلا میں دی جانیوالی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ذاکرین اور نوحہ خوانان نے اس موقع پر اپنے خطابات میں فلسفہ کربلا اور سید شہداءحضرت امام حسین ؑ کی طرف سے دی جانیوالی عظیم قربانی پر بھی روشنی ڈالی ۔

جلوس کے شرکاءنے جامع مسجد علی میں جا کر نماز ظہرین ادا کی ۔ امام بارگا ہ سادات منزل سے نکلنے والے جلوس میں قومی رضا کار ، سول ڈیفنس ، ریسکیو 1122، امن کمیٹیوں کے ممبران اور پولیس کی بھاری نفری بھی ہمراہ تھی ۔جلوس کے راستوں میں جگہ جگہ ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئیں۔ جلوس کوٹ رکن دین سے ہوتا ہواامام بارگاہ حسینہ ؑمیں اختتام پذیر ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنرقصور محمد اظہر حیات ، ڈی آئی جی شیخوپورہ رینج سہیل حبیب تاجک اور ڈی پی او قصور عبدالغفار قیصرانی نے امام بار گاہوں میں جا کر سیکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا ۔اس موقع پر اے ڈی سی آر عابد حسین بھٹی ، اے سی قصور انعم زید اور ضلعی امن کمیٹی کے ممبران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر قصور نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بہترین انتظامات اور ضلعی امن کمیٹیوں کی طرف سے بہترین تعاون پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ ،تمام متعلقہ محکمہ جات اور ضلع بھر کی امن کمیٹیوں کے اراکین کی جانب سے بھرپور تعاون کے نتیجے میں ضلع قصور میں امن وامان کی فضا مثالی رہی ہے ۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.