متحدہ عرب امارات کے سفیرحمد عبید ابراہیم سالم الذعیبی نے شیخ زاید ہسپتال، لاہور کادورہ کیا

لاہور : متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الذعیبی نے شیخ  زاید ہسپتال، لاہور کا دورہ کیا، پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس نے ان کی آمد پر بھر پور استقبال کرتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اماراتی سفیر نے ہسپتال کے پلاسٹک سرجری اینڈ برن یونٹ، لیور ٹرانسپلانٹ یونٹ سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں میں پھولوں کے گلدستے تقسیم کیے اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چئیرمین اینڈ ڈین نے اماراتی سفیر کو شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس کی تاریخ، تمام شعبہ جات اور ہسپتال کی توسیع کے حوالے سے تفصیلی طور پر بریف کیا، ان کا کہنا تھا متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات پر ہمیںانتہائی فخر ہے۔ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو مختلف شعبہ جات میں ہمیشہ سے بھر پور تعاون فراہم کیا ہے اور خاص طور پر شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس کے قیام میں متحدہ عرب امارات کا بنیادی کردار ہے۔متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الذعیبی نے شیخ زاید ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کوجدیدطبی سہولیات فراہم کرنے پر چئیرمین اینڈ ڈین اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو خصوصی طور پر تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں بھر پور تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ سے مصروف عمل ہے کیونکہ یہ دونوں شعبہ جات پاکستان کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کیلئے سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کی مزید بہتری کیلئے یو اے ای اور پاکستان کے مابین باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، انہوں نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔چئیرمین اینڈ ڈین نے اماراتی سفیر کو باہمی تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کی۔


اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.