Daily Taqat

وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے امور صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کورونا ٹیسٹ کرایا تھا اور ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمرا ن خان گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں نئے بلاک کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے گئے تھے، اور انہیں گلے میں خراش محسوس ہوئی، جب کہ وہ گزشتہ روز مالاکنڈ یونیورسٹی میں کھانستے رہے، وزیراعظم نے طبیعت میں بہتری محسوس نہ کرنے پر کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آگیا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا ہے کہ وزیراعظم خیریت سے ہیں اور انہیں ویکسین لگوانے سے پہلے ہی انفیکشن ہوچکا تھا۔ اس وقت ہمارے ہاں 50 فیصد کورونا وائرس برطانوی قسم کا ہے جو زیادہ آسانی سے پھیلتاہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس قسم کا وائرس ایک کو ہوتو پورے خاندان کو ہو جاتا ہے۔ صحت یاب ہونے والے کورونا مریض کو دوسری بار بھی کورونا وائرس ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم صحت یاب ہوں گے تو ان کی دوبارہ ویکسین کا فیصلہ ہوگا، انہوں نے کورونا کے پیش نظر جلسے نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل ہی کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے خاتون اول کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور خاتون اول کی جلد صحتیابی کی دعا گو ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ اللہ جلد دونوں کو صحت یاب کرے، کورونا ویکسین محفوظ ہے اور وزیراعظم نے صرف 1 دن قبل ویکسین لگوائی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں اپنے آپ کو اور اپنے پیاروں کو ویکسین لگوائیں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »