کراچی: قومی پرچم میں لپٹا عمر شریف کا جسدِ خاکی کلمہ شہادت کے ورد کے ساتھ ان کے گھر پہنچا دیا گیا۔
عمر شریف کے جسدِ خاکی کے ہمراہ ان کے صاحبزادے موجود ہیں۔ رہائش گاہ پر عمر شریف کا آخری دیدار کیا جائے گا۔ کامیڈی کنگ عمر شریف کی میت رہائشگاہ پہنچنے پر ان کے چاہنے والے آبدیدہ ہوگئے۔ عمر شریف کی نمازجنازہ سہ پہر 3 بجے سیلانی ویلفیئر کے علامہ بشیر فاروقی کی امامت میں عمرشریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کو حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
نمازِ جنازہ کے لئے عمر شریف پارک میں تیاریاں جاری ہیں۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں کے لیے پانی اور فرسٹ ایڈ کا انتظام کیا گیا ہے۔ جنازہ گاہ کے باہر اور اندر پانی پلانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ عمر شریف پارک کے ساتھ موبائل ویکسینیشن اور فرسٹ ایڈ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ کامیڈی کنگ کی آخری رسومات کی تمام ذمہ داریاں سیلانی ویلفئیر ٹرسٹ انجام دے رہا ہے۔ پارک کے باہر جنازے میں شرکت کے لئے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق لیجنڈ اداکارعمر شریف کی نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پرسیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ نماز جنازہ کے مقام عمر شریف پارک اور تدفین کے مقام درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر 200 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر پولیس کی جانب سے 2 ایس پیز اور 6 ایس ایچ اوز کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے سیکیورٹی کے حوالے سے مزید بتاتے ہوئے کہا عمر شریف پارک کلفٹن سے عبداللہ شاہ غازی کے مزارتک کے روٹ پر بھی سیکیورٹی لگائی گئی ہے۔ نمازجنازہ کے مقام عمر شریف پارک اور تدفین کے مقام درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پرواک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔عمر شریف پارک اور درگاہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے سے سوئپنگ بھی کرائی جائے گی۔
کامیڈی کنگ عمر شریف کا جسد خاکی آج صبح 5 بج کر 35 منٹ پر کراچی پہنچا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ عمر شریف مرحوم کا جسد خاکی ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 سے لایا گیا ہے۔ کراچی پہنچنے کے بعد مرحوم کا جسد خاکی ضابطے کی کارروائی کے لیے انٹر نیشنل کارگو ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔ عمر شریف کی فیملی میت وصول کرنے ایئرپورٹ پہنچی۔ سی اے اے اور گراؤنڈ ہینڈلنگ کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جسد خاکی ورثا کے حوالے کردیا گیا۔
عمر شریف کا جسد خاکی کراچی پہنچنے کے بعد کارگو ٹرمینل پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جسد خاکی وصول کرتے وقت بیٹے جواد عمر اور دیگر احباب جذباتی ہوگئے۔ عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل اور جرمنی سے قونصل جنرل امجد علی جسد خاکی کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں۔ کارگو ٹرمینل پر سی اے اے کسٹمز اور ایئر لائن افسران بھی موجود رہے۔
عمر شریف کے جسد خاکی کی فوری کلیئرنس کے لئے تمام اقدامات کو حتمی شکل دی گئی۔ جب کہ ترکش ایئرلائن کی پرواز TK708 نےاپنے مقررہ وقت سے دس منٹ پہلے کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ پرواز کا کراچی ایئر پورٹ پر لینڈنگ کا مقررہ وقت صبح 45-05 تھا جب کہ پرواز نے صبح 35-05 پر کراچی جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔
صوبائی وزیر سعید غنی بھی کارگو ٹرمینل پہنچ گئے اور انہوں نےعمرشریف کےاہلخانہ سےاظہارتعزیت کیا۔ سعیدغنی نے کہا عمرشریف نے ملک کانام دنیا بھرمیں روشن کیا۔ مداح عمرشریف کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نمازجنازہ میں شرکت کریں۔ آج عمر شریف کو ہم خراج عقیدت پیش کریں گے۔
سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ ایئر پورٹ سے جسد خاکی سرد خانے منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں چند گھنٹے رکنے کے بعد گھر منتقل کیا جائے گا۔ میں عمر شریف کی فیملی سے مکمل رابطے میں ہوں۔ ڈی ایم سی ساؤتھ کو مکمل فعال کیا گیا ہے۔ عمر شریف کے جنازے کی ادائیگی کے تمام اقدامات مکمل ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کوئی ایسا ادارہ ان کے نام سے منسوب کیا جائے جو کام کرتا رہے اور عمر شریف کو لوگ یاد رکھیں۔
دوسری جانب عمر شریف کی میت ایدھی سرد خانے منتقل کی گئی ہے۔ سرد خانے پہنچنے پر فوری طور پر کاغذی کارروائی مکمل کی گئی۔ میت کے کسٹوڈین جواد عمر ہیں۔ عمر شریف کی میت چند گھنٹے سرد خانے میں رکھی جائے گی۔ جسد خاکی کو آخری دیدار کی غرض سے کچھ دیر بعد گھر لے جایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عمر شریف کو علاج کے لئے امریکا لے جاتے ہوئے جرمنی میں کچھ وقت کے لیے قیام کرنا پڑا تھا تاہم وہ وہیں دوران علاج انتقال کرگئے تھے۔
]]>لاہور: موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ استاد نصرت فتح علی خان کی 24 ویں برسی منائی جارہی ہے۔
1948 میں فیصل آباد میں معروف قوال فتح علی خان کے گھر پیدا ہونے والے نصرت فتح علی خان قوالی اورلوک موسیقی میں اپنی پہچان آپ تھے۔ نصرت فتح علی خان کا پہلا تعارف خاندان کے دیگرافراد کی گائی ہوئی قوالیوں سے ہوا۔ ’’حق علی مولا علی‘‘ اور’’دم مست قلندرمست مست‘‘ نے انہیں شناخت عطا کی۔
موسیقی میں نئی جہتوں کی وجہ سے ان کی شہرت پاکستان سے نکل کرپوری دنیا میں پھیل گئی۔ بین الاقومی سطح پرصحیح معنوں میں ان کا تخلیق کیا ہوا پہلا شاہکار1995 میں ریلیز ہونے والی فلم’’ڈیڈ مین واکنگ‘‘ تھا جس کے بعد انہوں نے ہالی ووڈ کی ایک اور فلم ’’دی لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ‘‘ کی بھی موسیقی ترتیب دی۔
نصرت فتح علی خاں کی قوالی کے 125 سے زائد آڈیو البم جاری ہوئے اوران کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل ہے۔ استاد نصرت فتح علی خاں نے فن موسیقی کی روحانی کیفیات کے ذریعے پوری دنیا کو مرید بنائے رکھا۔ عالمی سطح پر جتنی شہرت انھیں ملی وہ شاید کسی اور موسیقاریا گلوکارنصیب نہیں ہوئی۔
وہ حقیقی معنوں میں پاکستان کے بہترین سفیر تھے کہ جہاں لفظ ’’پاکستان‘‘ سے لوگ ناواقف تھے وہاں پاکستان کو ایک عظیم ملک کے طورپرمتعارف کرایا۔ موسیقارایم ارشد نے کہا کہ وہ لاجواب آرٹسٹ اورمیوزک کو سمجھنے والے آدمی تھے۔ ان جیسے فنکار صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ اگریہ کہا جائے کہ وہ موسیقی کے ماتھے کا جھومرتھے توبے جا نہ ہوگا۔
عظیم گلوکارکوصدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سمیت متعدد ملکی اورغیرملکی ایوارڈزسے نوازا گیا۔ 1987 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس، نگار ایوارڑ سمیت متعدد ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ نصرت فتح علی خان گردوں کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث صرف 48 سال کی عمرمیں 16اگست 1997ء کودنیا سے کوچ کر گئے مگر ان کا فن آج بھی انہیں زندہ رکھے ہوئے ہے۔
]]>کراچی: سوشل میڈیا پر لوگ ماہرہ خان اور زاہد احمد کی شارٹ فلم ’’پرنس چارمنگ‘‘ کو شاہکار قرار دے رہے ہیں۔
گزشتہ روز ماہرہ خان اور زاہد احمد کی 11 منٹ 25 سیکنڈ دورانیے کی مختصر فلم ’’پرنس چارمنگ‘‘ یوٹیوب چینل ’’سی پرائم‘‘ پر ریلیز کی گئی۔ لوگ اس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے یہی وجہ ہے کہ فلم ریلیز ہوتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دیکھا اور 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں یوٹیوب پر اس فلم کو ڈھائی لاکھ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
فلم کی کہانی شوہر اور بیوی کے درمیان رشتے کے گرد گھومتی ہے فلم میں دونوں کے رشتے کو کافی پیچیدہ دکھایا گیا ہے۔ فلم میں ماہرہ خان نے زاہد احمد کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے جو اپنے شوہر کی توجہ پانے کی منتظر رہتی ہے جب کہ زاہد احمد ایک ایسے شوہر کے کردار میں نظر آرہے ہیں جسے اپنے کام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا۔
مختصر یہ کہ فلم میں شادی کے بعد شوہر کی توجہ نہ ملنے پر خواتین میں ہونے والے ڈپریشن جیسے اہم مسئلے کو اجاگر کیا گیا ہے کہ کس طرح خواتین اپنے شوہر کی توجہ نہ ملنے کی وجہ سے ذہنی مسائل سے دوچار ہوجاتی ہیں۔ اس کردار کو ماہرہ خان نے اس خوبی سے نبھایا ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ ان کی اداکاری کی بےحد تعریف کررہے ہیں۔
لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس فلم کو ماسٹر پیس ’شاہکار‘ قرار دیا۔ جب کہ کچھ لوگوں نے کہا وہ اس فلم کو ایک سے زائد بار دیکھ چکے ہیں اور ہر بار انہیں لگتا ہے کہ وہ نئی چیز دیکھ رہے ہیں۔
لوگوں نے فلم میں ماہرہ خان اور زاہد احمد کی جوڑی کو بھی بہترین قرار دیا۔ اس فلم کی ہدایات اداکار شہریار منور نے دی ہیں اور ’’پرنس چارمنگ‘‘ کے ذریعے انہوں نے بطور ہدایات کار ڈائریکشن کی دنیا میں ڈیبیو کیا ہے۔ لوگ شہریارمنور کی ڈائریکشن کو بھی بےحد سراہ رہے ہیں اور بطور ہدایات کار ان کے مزید پراجیکٹس کے منتظر ہیں۔
]]>کراچی: پاکستان کے معروف اور سینئر ترین اداکار مصطفیٰ قریشی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
نجی میڈیا کے مطابق پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر ترین اداکار مصطفیٰ قریشی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیاہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ 81 سالہ اداکار نے کورونا ٹیسٹ رپورٹ ملنے کے بعد اپنی اہلیہ روبینہ قریشی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔
]]>لاہور: دنیا بھر میں آج موسیقی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، ان دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو موسیقی کے ذریعے امن، محبت اور بھائی چارے کی زنجیر میں باندھنے کی ایک خوبصورت کوشش ہے۔
ورلڈ میوزک ڈے کا آغاز 29 سال پہلے فرانس کے شہر پیرس سے ہوا، موسیقی کی روایت برصغیر میں بھی بہت پرانی ہے اورکلاسیکل موسیقی کے علاوہ غزل، گیت، فوک اور پلے بیک سنگنگ وغیرہ بھی یہاں کے لوگوں میں انتہائی مقبول ہے۔ موسیقی روح کی غذا بھی سمجھی جاتی ہے، امیر خسرو، تان سین، نصرت فتح علی خان، نازیہ حسن سمیت متعدد گلوکاروں نے فن موسیقی کو بام عروج تک پہنچایا۔
برِصغیر میں موسیقی نے مغلیہ دور سے بہت پہلے عروج حاصل کر لیا تھا، امیرخسرو کے بعد تان سین اور بیجوباورا، کے ایل سہگل اور مختار بیگم سے ماضی قریب تک سینکڑوں کلاسیک گائیک اس فن کے امین بنے۔ قیام پاکستان کے بعد موسیقی کے شعبہ میں نصرت فتح علی خان، نور جہاں، مہدی حسن، فریدہ خانم، اقبال بانو، خورشید بیگم، غلام علی، پرویز مہدی، احمد رشدی اور مسعود رانا جیسے ناموں نے لازوال گیت تخلیق کیے اور گائے۔
فوک موسیقی میں عالم لوہار، شوکت علی، ریشماں، پٹھانے خان، عابدہ پروین، سائیں اختر، عارف لوہار اور دیگر نے اس فن کو بام عروج پر پہنچایا- موسیقی کی ایک اور جہت قوالی بھی ہے جس کا سب سے درخشاں ستارہ استاد نصرت فتح علی خان ہیں، غلام فرید صابری اور عزیز میاں سمیت کئی دوسرے قوالوں نے بھی اپنی گائیکی سے دنیا بھر میں اپنے مداح پیدا کیے۔موجودہ دور میں پوپ موسیقی میں علی ظفر، عاطف اسلم، عمیر جسوال اور مومنہ مستحسن وغیرہ مقبول نام ہیں۔
]]>لاہور: پولیس نے معروف ترک ڈرامہ سیریل میں ارطغرل غازی کا کردار ادار کرنے والے اداکار انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ٹک ٹاکر ملزم کاشف ضمیر کو گرفتار کرلیا۔
سی آئی اے پولیس اقبال ٹاؤن نے معروف ترک ڈرامہ سیریل میں ارطغرل غازی کا کردار ادار کرنے والے اداکار انگین آلتان سے فراڈ کرنے والے ملزم ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑیاں اور دیگر اشیا برآمد کرلیں۔
واضح رہے کہ کاشف ضمیر اور انگین آلتان کے درمیان کچھ عرصہ قبل برانڈ ایمبسڈر کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا، تاہم کاشف ضمیر مقررہ رقم ادا نہ کرسکا تھا۔
]]>لاہور: ریڈیو، ٹیلی ویژن، فلم، صحافت، ادب وسیاست کے معروف نام اور پاکستان ٹیلی ویژن کی تاریخ میں کئی دہائیوں تک چلنے والے پروگرام ’نیلام گھر‘ سے شہرت پانے والے میزبان طارق عزیز کی آج پہلی برسی ہے۔
’’ابتداء ہے ربِ جلیل کے بابرکت نام سے، جو دلوں کے بھید جانتا ہے دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام!‘‘ یہ الفاظ آج بھی ایک نسل کے ذہنوں میں تر و تازہ ہیں، جنہیں سنتے ہی طارق عزیز کے پروگرام ’’نیلام گھر‘‘ کی ابتداء یاد آجاتی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں سب سے پہلا گیم شو بھی تھا۔
طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو جالندھر، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ جالندھر کے آرائیں گھرانے سے ان کا تعلق تھا۔ ان کے والد میاں عبد العزیز پاکستانی 1947ء میں پاکستان ہجرت کر آئے۔ آپ کے والد صاحب پاکستان بننے سے دس سال پہلے سے اپنے نام کے ساتھ پاکستانی لکھتے تھے۔
آپ نے اپنا بچپن ساہیوال میں گزارا۔ طارق عزیز نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے ریڈیو پاکستان لاہور سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ جب 1964ء میں پاکستان ٹیلی وژن کا قیام عمل میں آیا تو طارق عزیز پی ٹی وی کے سب سے پہلے مرد اناؤنسر تھے۔ تاہم 1975ء میں شروع کیے جانے والے ان کے اسٹیج شو نیلام گھر نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ یہ پروگرام کئی سال تک جاری رہا اور اسے بعد میں بزمِ طارق عزیز شو کا نام دے دیا گیا۔
طارق عزیز ہمہ جہت شخصیت ہیں۔ انہوں نے ریڈیو اور ٹی وی کے پروگراموں کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کی۔ ان کی سب سے پہلی فلم انسانیت (1967ء) تھی اور ان کی دیگر مشہور فلموں میں سالگرہ، قسم اس وقت کی، کٹاری، چراغ کہاں روشنی کہاں، ہار گیا انسان قابل ذکر ہیں۔
فنون لطیفہ میں خدمات پر انہیں کئی ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے 1992 میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی بھی شامل ہے۔ طارق عزیز گزشتہ برس 17 جون 2020 کو انتقال کرگئے تھے۔ تاہم ان کی یادیں آج بھی ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں۔
]]>کراچی: اداکارہ حمائمہ ملک نے شیخ رشید اور وزیرتعلیم شفقت محمود کو سیاستدانوں میں سب سے بڑا اداکار قرار دے دیا۔
حمائمہ ملک اور ان کی بہن دعا ملک حال ہی میں وسیم بادامی کے شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے میزبان کے سوالوں کے نہایت دلچسپ جوابات دئیے۔ وسیم بادامی نے حمائمہ ملک سے حجاب کے بارے میں سوال کیا جس کے جواب میں حمائمہ نے جواب دیا میری بہن دعا ملک اور بھائی فیروز خان نے بہت پہلے صوفی سلسلہ شروع کردیا تھا۔
حمائمہ ملک نے کہا میرے اندر اس وقت ایک ٹہراؤ آیا جب مجھے میرے مرشد ملے اور اللہ مجھے اتنا جذبہ اور اتنی طاقت دے کہ میں زندگی کے چند فیصلے کرنے کے بعد ایک مقام پر پہنچوں جہاں میں حجاب کی عزت کرسکوں اور حجاب کو لے سکوں۔
اسی شو میں میزبان وسیم بادامی نے دونوں بہنوں سے سوال کیا وہ کون سا سیاستدان ہے جو سب سے بڑا اداکار لگتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں دعا ملک نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا نام لیا جب کہ حمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ انہیں شیخ رشید اور وزیر تعلیم شفقت محمود سب سے بڑے اداکار لگتے ہیں۔
شو کے دوران حمائمہ ملک نے ایوارڈ شوز کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کون سا ملک ہے جہاں صابن کے نام کے ایوارڈ شوز ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں خود کو سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ قرار دیا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کتنا معاوضہ لیتی ہیں۔
]]>کراچی: نامور اداکار فیصل قریشی نے ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ پسند نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
پاکستان کے نامور اداکار ومیزبان فیصل قریشی نے نجی ٹی وی پروگرام میں اداکار اعجاز اسلم کے ہمراہ شرکت کی اس موقع پر میزبان کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے۔
ارطغرل غازی دیکھنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اداکار فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ میں نے تو یہ ڈارمہ دیکھا ہی نہیں کیوں کہ میرا مسئلہ یہ ہے کہ مجھے اس طرح کے کوئی بھی ڈرامے یا فلمیں پسند نہیں آتی جن کی دوسری زبان میں ڈبنگ کی گئی ہو یا پھر ڈرامے یا فلم کے ساتھ سب ٹائٹل چل رہے ہوتے ہیں، تو میرے لیے اس طرح کے پروگرامز دیکھنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔
اداکار اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ میں نے ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ اس وقت دیکھا تھا جب اس کے بارے میں پاکستان میں دور دور تک کسی کو پتہ ہی نہیں تھا، میں نے یہ نیٹ فلکس پر دیکھا تھا اور یہ اچھا ڈرامہ ہے۔
بعد ازاں میزبان کی جانب سے ڈرامے میں ’ارطغرل غازی‘ کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار کی تصویر دکھائی گئی تو فیصل قریشی نے کہا کہ ڈرامہ سیریل ’ارطغرل غازی‘ اچھا پلے ہے اور پاکستانی ان سے بہت پیار کرتے ہیں اور ان لوگوں کو بھی پاکستان سے بہت پیار ہے لہذا ہم چاہتے ہیں یہ پیارومحبت کا رشتہ برقرار رہے۔
]]>ممبئی: لیجنڈری بھارتی اداکار دلیپ کمار کو سرجری کے بعد ہسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔
مشہور بھارتی لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کو طبیعت ناساز ہونے پر اتوار کی صبح ممبئی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کے مطابق سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں آکسیجن فراہم کی گئی تھی اور معمولی سی سرجری کے لیے چند ٹیسٹ کیے گئے تھے۔
دلیپ کمار کی ٹیسٹ رپورٹس آنے کے بعد ڈاکٹرز نے پھیپھڑوں میں سے پانی نکالنے کے لیے بدھ کے روز سرجری کی جس کے بعد انہیں مزید ایک دن ڈاکٹرز کی زیر نگرانی رکھنے کے بعد آج ہسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر فیصل فاروقی نے دلیپ کمار کی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام لوگوں کی محبت اور دعاوؤں کے نتیجے میں دلیپ کمار کو گھر منتقل کیا جارہاہے۔
]]>نئی دہلی: بھارتی ہائی کورٹ نے 5 جی ٹیکنالوجی کے خلاف درخواست دینے پر بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاؤلہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
چند روز قبل اداکارہ جوہی چاؤلہ نے بھارت میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی ترقی یا ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف نہیں لیکن فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال سے تابکاری کا اخراج انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بھارت میں فائیوجی ٹیکنالوجی کے استعمال کو روکنے کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔
تاہم دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز ہونے والی سماعت میں اداکارہ کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست کو قانون کے عمل کا غلط استعمال قرار دیتے ہوئے اداکارہ کی درخواست کو مسترد کردیا اوراسے سستی شہرت کے لیے کیا جانے والا اقدام قرار دیتے ہوئے ان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس جے آر مدھا نے دوران سماعت مقدمے کو عیب دار قرار دیا اور اسے تکنیکی بنیادوں پر مسترد کرتے ہوئے کہا مدعیوں نے قانون کے عمل کا غلط استعمال کیا جس کے نتیجے میں عدالتی وقت ضائع ہوا۔
عدالت نے مدعیوں پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں ایک ہفتے کے اندرجرمانہ دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پاس جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ اور اگر مدعیوں نے ایک ہفتے کے اندر جرمانے کی رقم نہیں بھری تو ڈی ایل ایس اے قانون کے مطابق وصولی کرے گا۔ عدالت نے بتایا یہ جرمانہ سڑک پر ہونے والے حادثے کے متاثرین کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مدعیوں نے یہ مقدمہ پبلسٹی (تشہیر) کے لیے دائر کیا ہے جو اس حقیقت سے واضح ہے کہ مدعی نمبر ایک (جوہی چاؤلہ) نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیس کی کارروائی سے متعلق لنکس شیئر کیے تھے جس سے بار بار عدالتی کارروائی میں خلل پڑتا ہے۔
]]>کراچی: اداکارہ، وی جے اور میزبان متھیرا نے ملالہ یوسفزئی کے شادی کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر ردعمل دیا ہے۔
گزشتہ روز ملالہ یوسفزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر برطانوی فیشن میگزین ووگ کے سرورق کی تصویر شیئر کرائی تھی۔ ووگ میگزین نے آئندہ ماہ کے شمارے کے سرورق کے لیے ملالہ یوسفزئی کو منتخب کیا ہے۔
فیشن میگزین ووگ کی ویب سائٹ پر ملالہ یوسفزئی کا انٹرویو بھی پبلش ہوا تھا جس میں انہوں نے اپنے بارے میں کئی باتیں کرتے ہوئے شادی کے حوالے سے بھی گفتگو کی تھی۔ ووگ میگزین کے مطابق ملالہ یوسفزئی نے کہا تھا ’’مجھے اب بھی سمجھ نہیں آتا کہ لوگ شادی کیوں کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنی زندگی میں کسی شخص کا ساتھ چاہتے ہیں تو آپ کو شادی کے کاغذات (نکاح کے کاغذات) پر دستخط کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ کیوں یہ ساتھ صرف پارٹنرشپ پر مشتمل نہیں ہوسکتا؟۔
ملالہ کا مزید کہنا تھا میں یونیورسٹی میں سوچتی تھی کہ میں کبھی شادی نہیں کروں گی، اور نہ ہی بچے پیدا کروں گی صرف اپنا کام کروں گی۔ میں ہمیشہ اپنی فیملی کے ساتھ رہوں گی اور خوش رہوں گی۔ مجھے احساس نہیں تھا کہ آپ ہر وقت ایک شخص نہیں ہوتے جب آپ بڑھتے ہیں آپ میں بدلاؤ آتے ہیں۔‘‘
ملالہ یوسفزئی کے شادی سے متعلق اس بیان پر اداکارہ متھیرا نے انسٹاگرام اسٹوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے ’’مجھے ووگ میگزین کے سرورق پر ملالہ کی تصویر پسند آئی۔ پھر انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا براہ کرم ہمیں اپنی نئی نسل کو شادی کرنے کی ترغیب دینے کی کوشش کرنی چاہئے اور یہ بھی بتانا ہے کہ نکاح کرنا سنت ہے یہ صرف کاغذات پر دستخط کرنا نہیں ہے آپ کوئی پلاٹ نہیں خرید رہے۔ بلکہ اس طرح آپ درست طریقے سے اپنی نئی اور خوشگوار زندگی کا آغاز کرتے ہیں۔
متھیرا نے مزید لکھا زبردستی کی شادی، شادی میں تشدد اور کم عمری کی شادی غلط ہے لیکن خدا کی رحمت کے سائے میں نکاح کرنا خوش آئند ہے۔ لہذا اگر آپ کو لگتا ہے کہ کسی کو اپنی زندگی میں شراکت دار بنانا اچھا ہے تو آپ اسے حلال طریقے سے کریں۔‘‘
متھیرا نے ایک اور انسٹا اسٹوری میں نکاح کے حق میں بیان دیتے ہوئے کہا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ میں کتنی ماڈرن ہوں میں ہمیشہ اپنے بچوں کو نکاح کرنے پر زور دوں گی اور یہ سیکھاؤں گی کہ شادی کے ذریعے خود کو کسی کے ساتھ باندھنا بالکل صحیح ہے اور اس رشتے میں ایک دوسرے کی مدد کرنا آپ کی زندگی کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔ شادی کرنا اچھی بات ہے۔ بعض اوقات شادی میں مشکلات آتی ہیں لیکن کوئی بات نہیں اللہ آپ کے لیے کسی خاص کو بھیجتا ہے۔
متھیرا نے مزید کہا ہاں میں طلاق یافتہ ہوں لیکن میں اب بھی شادی پر یقین رکھتی ہوں اور شاید جب مجھے صحیح شخص ملے تو میں دوبارہ شادی کرلوں۔ لہذا مہربانی کرکے مجھے بتانا بند کریں کہ میں طلاق یافتہ ہوں۔ کیا ہوا اگر میری شادی نہیں چلی۔ اکیلے رہ کر خوش رہنا بہتر ہے بجائے اس کے کہ آپ ایک ناخوشگوار شادی میں پریشان اور دکھی رہیں۔
]]>لاہور: گول مٹول چہرہ، بھولی بھالی معصوم سی صورت والے معروف اداکار رفیع خاور عرف ننھا کو اپنے مداحوں سے بچھڑے35 برس بیت گئے۔
دو عشروں تک اپنے لاکھوں پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے والے ننھا کے گول مٹول چہرے پر معصومیت کھیلا کرتی تھی۔ وہ پردہ اسکرین پر آتے تو دیکھنے والے ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔کامیڈی کے بے تاج بادشاہ ننھا آج ہم میں تو موجود نہیں مگران کا مزاح آج بھی زندہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار ننھا کا اصل نام رفیع خاور تھا اور وہ 1942 میں ساہیوال میں پیدا ہوئے۔ ان کی شہرت کا آغاز ڈراما سیریز ‘الف نون’ سے ہوا۔ فلمی کیریئر کا آغاز 1966 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘وطن کا سپاہی’ سے کیا لیکن ‘دبئی چلو’ کی کامیابی نے ننھا کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
ننھا کی دیگر یادگار فلموں میں ’سوہرا تے جوائی‘، ’سالا صاحب‘، ’نوکر تے مالک‘، ’نمک حلال‘، ’تیری میری اک مرضی‘، ’مہندی‘ اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ ننھا کی ٹائٹل رول پر مشتمل فلم ‘سالا صاحب’ لاہور میں 300 ہفتے تک زیرِ نمائش رہی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔
ننھا اور رنگیلا کی فلمی جوڑی کا خوب چرچا رہا، جبکہ ممتاز، انجمن، مسرت شاہین، رانی، دردانہ رحمان اور نازلی کے ساتھ ننھا کی اداکاری کو بھی خوب پسند کیا گیا۔ ننھا نے تمام عمر مسکراہٹیں بانٹیں لیکن ان کی زندگی کا ڈراپ سین بہت پُردرد تھا جسے ان کے پرستار 35 سال گزر جانے کے باوجود نہیں بھلا سکے۔
لوگوں میں خوشیاں بانٹنے والا یہ ہر دلعزیزکامیڈی کنگ 2جون 1986ءکو اپنے لاکھوں پرستاروں کوسوگوار چھوڑ گیا۔
]]>لاہور: نامور اداکارہ جیا علی نے کرکٹ کوچ اور پی ٹی آئی رہنما عمران ادریس سے بادشاہی مسجد میں نکاح کیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف اداکارہ جیا علی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئی ہیں جن کی شادی لاہور میں سادگی سے انجام پائی۔جیا علی کے نکاح کی سادہ تقریب بادشاہی مسجد میں ہوئی جس میں ان کے نہایت قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے ہی شرکت کی۔
جیا علی کی شادی ہانگ کانگ میں مقیم پاکستانی بزنس مین اور کرکٹ کوچ عمران ادریس سے ہوئی جن کے درمیان کافی عرصہ سے دوستی تھی،عمران ادریس پروفیشنل کرکٹ کوچ ہیں۔ جو ہانگ کانگ کی قومی ٹیم سمیت دنیا کے کئی ممالک میں کوچنگ کرچکے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنا بزنس بھی کرتے ہیں۔ عمران ادریس کا حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف سے بھی گہرا تعلق ہے اور انہوں نے ایسٹ ایشیئن پیسیفک ممالک میں پی ٹی آئی کو متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
جیا علی نے اس حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت خوش ہوں کیونکہ مجھے بہت اچھا جیون ساتھی ملا ہے، شادی کی خوشی میں جلد ہی بڑی دعوت کا اہتمام کروں گی جس میں تمام دوستوں کو مدعو کیا جائے گا۔
یاد رہے کی جیا علی نے کیرئر کا آغآز ماڈل کی حیثیت سے کیا تھا لیکن انہیں حقیقی شہرت اپنی پہلی فلم “دیوانے تیرے پیار کے” سے ملی جس کے ڈائریکٹر سید نور تھے اور یہ فلم 1997 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ ان کی فلموں میں نخرہ گوری کا،گھر کب آ گے،لو میں گم اور سایہ خدائے ذوالجلال شامل ہیں۔جیا علی بے شمار ڈراموں میں بھی کام کرچکی ہیں جن میں کبھی کبھی پیار میں،کاغذ کے پھول،منزلیں،بند کھڑکیوں کے پیچھے،ہم سب عجیب سے ہیں۔
]]>لاہور: سیشن کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کےعدالت پیش ہونے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
سیشن کورٹ میں گلوکارہ میشا شفیع کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے میشا شفیع کی اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت سیشن کورٹ نے گلوکارہ کو ضلع کچہری میں سیکیورٹی بونڈز جمع کروانے سے روک دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور میشا شفیع کی اپیل پر فیصلہ ہونے تک طلبی کو کالعدم قرار دیا۔
واضح رہے کہ میشا شفیع نے ضلع کچہری میں طلبی کو سیشن کورٹ میں چیلنج کررکھا تھا۔ میشا شفیع کا کہنا تھا کہ اپنے خاوند اور بچوں کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہوں، علی ظفر کی مدعیت میں ایف آئی اے نے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا، کورونا کی وجہ سے کینیڈین حکومت نے ایڈوائزری جاری کر رکھی ہے، لہذا ابھی پاکستان آنا ممکن نہیں ہے، تاہم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کو تیار ہوں، سیشن کورٹ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہونے کی اجازت دے۔
اس کے علاوہ میشا شفیع کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت ضلع کچہری کی جانب سے ایک لاکھ کے سیکیورٹی بونڈز جمع کرانے کے حکم کو کالعدم قرار دے۔
]]>