Daily Taqat

واہگہ بارڈر کے راستے بھارت کے لیے افغان تجارت بحال

لاہور: پاکستان کی جانب سے واہگہ کے راستے افغانستان کو بھارت تک تجارت کی رسائی دینے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ ہفتے کو افغانستان سے چھ ٹرک درآمدی سامان لے کر بھارت پہنچ گئے۔

حکومت نے افغانستان کو بھارت کے ساتھ پاکستان کے راستے تجارت دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ افغانستان سے سبزیوں خشک میوہ جات، انار، سیب، انگور، گرما، سردا اور دیگر تازہ پھلوں سے لدے پانچ ٹرک بھارت روانہ ہوئے۔ یہ ٹرک 17 جولائی کو ہی واہگہ بارڈر پر پہنچے تھے لیکن بھارت کی جانب سے اُنہیں کلیئر نہیں کیا جا رہا تھا۔

ایڈیشنل کلکٹر واہگہ باسط عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز افغانستان سے پاکستان آنے والے پانچ ٹرک بھارت جانے کے لیے واہگہ پہنچے تو بھارتی حکام نے اُن ٹرکوں کو لینے سے انکار کر دیا۔ بھارت نے جواب دیا تھا کہ ابھی مزدور (لیبر) دستیاب نہیں ہیں۔ افغانستان سے پاکستان کے راستے روزانہ کتنے ٹرک بھارت جائیں گے یہ تاحال طے نہیں ہوا ہے ابھی تو صرف کرونا وائرس کے باعث تجارت میں پیدا ہونے والے تعطل کے بعد دوبارہ تجارت شروع ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے راستے افغانستان اور بھارت کے درمیان شروع ہونے والی یک طرفہ تجارت سے پاکستان کو کوئی خاص مالی فائدہ نہیں ہو گا۔ راہداری کی معمولی فیس جو چند ہزار روپے ہے کے علاوہ پاکستان اس مد میں کوئی ٹیکس وصول نہیں کرتا۔ افغانستان سے زیادہ تر خشک میوہ جات، انار، سیب، انگور، گرما، سردا اور دیگر تازہ پھل بھارت جاتے ہیں۔ لیکن تعلقات میں کشیدگی کے باعث پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت معطل ہے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان سے آنے والے ٹرک طریقہ کار کے مطابق واہگہ بارڈر پر سامان بھارتی ٹرکوں میں منتقل کریں گے جب کہ بھارت سے کوئی سامان واپس لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کا افغانستان کو بھارت تک تجارت کے لیے رسائی دینے سے پاک افغان تعلقات کو تو فائدہ ہو گا لیکن اِس کا اثر پاک بھارت تعلقات پر نہیں پڑے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش رئیس کے مطابق پاکستان کو اپنے ہمسایہ ممالک کے لیے آسانیاں پیدا کرنی چاہیئیں۔ ایسا کرنے سے افغانستان میں استحکام آئے گا جس کا فائدہ پاکستان کو بھی ہو گا۔ پاکستان کی یہ کوشش ہے کہ کابل کے ساتھ اسلام آباد کے اچھے تعلقات ہوں۔


Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اپنی راہےکااظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

Translate »