کراچی: شہروز سبزواری کا اداکارہ صدف کنول کے ساتھ معاشقہ، اہلیہ سائرہ یوسف کو طلاق اور صدف کنول کو بہن جیسی قرار دینے کے بعد اس سے خفیہ شادی۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بہت لے دے ہوئی اور لوگوں نے شہروز اور صدف کو بہت کچھ تنقید کا نشانہ بنایا۔ لوگوں کو یہی بات ہضم نہیں ہو رہی تھی کہ جب شادی شدہ شہروز اور صدف کے معاشقے کی خبرسامنے آئی تو شہروز نے اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوںنے کہا کہ ”صدف کنول میری بہنوں جیسی ہیں۔“ اور پھر شہروز نے اسی کے ساتھ خفیہ شادی کر لی۔ شہروز، صدف اور سائرہ کے مداحوں نے تو اس معاملے پر بہت کچھ کہا لیکن اب تک شہروز اور صدف خاموش تھے اور اب پہلی بار انہوں نے خاموشی توڑ ڈالی ہے۔
شہروز اور صدف نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں اس معاملے پر بھی بات کی۔ صدف کنول کا کہنا تھا کہ ”مجھے کوئی لوگوں کی کوئی پروا نہیں کہ وہ کیا کہتے ہیں۔ درحقیقت، میں چاہتی ہوں کہ وہ اور زیادہ بولیں۔“ اس کے بعد ایک قہقہہ لگاتے ہوئے صدف نے مزید کہا کہ ”اس طرح میرے گناہ دھل جاتے ہیں۔“ اس موقع پر شہروز نے اپنی دوسری بیوی صدف کنول کی حمایت کی اور اس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صدف مضبوط شخصیت کی مالک ہے۔ وہ بہت مضبوط لڑکی ہے، اسے کوئی پروا نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں اور مجھے صدف کی اسی بات پر فخر ہے۔“